بچے ہمارا خواب اور مستقبل ہیں، انہیں معیاری تعلیم دیکر کارآمد شہری بنانا عظیم مشن ہے، ڈی ای او زنانہ ثمینہ الطاف

جمعہ 26 اپریل 2019 11:54

ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2019ء) ہری پور کے تعلیمی افسران نے کہا ہے کہ بچے ہمارا خواب اور مستقبل ہیں، انہیں معیاری تعلیم دیکر کارآمد شہری بنانا عظیم مشن ہے۔

(جاری ہے)

داخلہ مہم کے تحت زیادہ داخلہ کرنے والے سکولوں کے اساتذہ اور ان کے افسران کی حوصلہ افزائی کیلئے منعقدہ تعریفی اسناد کی تقسیم کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر زنانہ ثمینہ الطاف نے کہا کہ کامیاب داخلہ مہم اس بات کا ثبوت ہے کہ والدین کا اعتماد بڑھا ہے، ہم بھی ان کے اس اعتماد پر پورا اتریں گے، یہ صرف ان کے بچے نہیں بلکہ ہمارا خواب اور مستقبل ہیں، ہماری کوشش ہو گی کہ والدین کی توقعات پر پورا اتریں، اساتذہ مزید محنت کر کے زیادہ بہتر نتائج دیں گے۔

ڈی ای او میل عمر خان کنڈی نے کہا کہ 10 اپریل سے شروع داخلہ مہم میں دیگر نجی تعلیمی اداروں کے ساتھ ساتھ آرمی برن ہال اور اے پی ایس ایبٹ آباد جیسے نامی گرامی تعلیمی اداروں کے بچے گورنمنٹ سکول میں داخلہ لے رہے ہیں جو بہت بڑی کامیابی ہے، اسی طرح کھلابٹ سے 269 نجی سکولوں کے بچے سرکاری سکول میں داخل ہوئے ہیں جس سے ہمارے سر فخر سے بلند ہو گئے ہیں، انشاء الله مفت معیاری تعلیم کی فراہمی کے خواب کو ہر صورت شرمندہ تعبیر کیا جائے گا۔