بھارتی ایئر فورس نے بالاکوٹ حملہ میں ناکامی تسلیم کر لی

بھارتی ٹیکنیشنز کی جانب سے ہتھیاروں کی پروگرامنگ کے کوڈ میں تبدیلی کی بدولت میراج2000 ایئرکرافٹ اپنا مطلوبہ ہدف پورا نہیں کرسکا بالاکوٹ اسٹرائیک سے ثابت ہوا ایئر کرافٹ میں جدید ہتھیاروں کے استعمال کیلئے بھارت کو اوای ایم سسٹم کی اشد ضرورت ہے‘بھارتی اخبار

جمعہ 26 اپریل 2019 12:38

بھارتی ایئر فورس نے بالاکوٹ حملہ میں ناکامی تسلیم کر لی
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2019ء) بھارتی ایئرفورس حکام نے پہلی بار بالاکوٹ ایئر اسٹرائیک کے حوالے سے اپنی ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے تسلیم کر لیا ہے کہ اس حملے میں بھارتی فضائیہ مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوئی۔دی ہندوستان ٹائمز اور دیگر بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ایئرفورس کی رپورٹ جس کا عنوان ’’حاصل شدہ سبق‘ ‘تھا میں اس بات کا اعتراف کیا گیاہے کہ بھارتی ٹیکنیشنز کی جانب سے ہتھیاروں کی پروگرامنگ کے کوڈ میں تبدیلی کی بدولت میراج2000 ایئرکرافٹ اپنا مطلوبہ ہدف پورا نہیں کرسکا۔

بھارتی ایئر فورس حکام کی جانب سے جاری اس رپورٹ سے قبل بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے بھی ایک تقریب کے دوران اس بات کا اعتراف کیاتھاکہ بالا کوٹ حملے میں نہ توکوئی پاکستانی شہری یا فوجی ہلاک ہوا اور نہ ہی کوئی شخص زخمی ہوا۔

(جاری ہے)

بھارتی ایئرفورس حکام کی تازہ رپورٹ نے آسٹریلیا کے اسٹرٹیجک پالیسی انسٹیٹیوٹ کی رپورٹ کی تصدیق کردی ہے جس میں کہا گیا تھاکہ بھارت کے پرسیشن گائیڈڈ ہتھیاروں (پی جی ایمز) کی پروگرامنگ کو صحیح طریقے سے سیٹ نہیں کیا گیا تھا جس کی وجہ سے بھارتی ایئرفورس نے مطلوبہ اہداف حاصل نہیں کیے۔

حکام کی رپورٹ نے بھارتی ایئر فورس کی جانب سے ایئر کرافٹ میں نصب جدید سسٹم کی مہارت پر بھی سوال اٹھائے ہیں۔بھارتی ایئرفورس کے ایک سینئر اہلکار نے ہندوستان ٹائمز کو بتایاکہ بالاکوٹ اسٹرائیک سے ثابت ہواکہ ایئر کرافٹ میں جدید ہتھیاروں کے استعمال کے لیے بھارت کو اوای ایم سسٹم کی اشد ضرورت ہے اگرچہ اس سسٹم کی لاگت بہت زیادہ ہے۔

متعلقہ عنوان :