دُبئی: جعلی پارکنگ ٹکٹ کے معاملے میں بنگلہ دیشی کو سزا ہو گئی

روڈز ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے ایک افسر نے ملزم کی جعلسازی پکڑ لی تھی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 26 اپریل 2019 12:22

دُبئی: جعلی پارکنگ ٹکٹ کے معاملے میں بنگلہ دیشی کو سزا ہو گئی
دُبئی( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،26 اپریل 2019ء) مقامی عدالت نے ایک بنگلہ دیشی کو پارکنگ ٹکٹ میں جعلسازی کرنے کے الزام میں تین ماہ قید کی سزا سُنا دی جبکہ سزا کی مُدت پوری ہونے کے فوراً بعد مملکت سے ڈی پورٹ کیے جانے کا حکم بھی سُنایا ہے۔ استغاثہ کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ 44 سالہ ملزم نے مفت میں گاڑی پارک کرنے کی خاطر اپنے پاس پہلے سے موجود پارکنگ ٹکٹ کی تاریخ بدل ڈالی۔

پہلے اس پر 3 مارچ کی تاریخ درج تھی جو ملزم نے 5 مارچ کر دی۔ یہ واقعہ النخیل کے علاقے میں پیش آیا۔ جب وہاں موجود روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے اہلکارنے پارکنگ میں ملزم کی گاڑی کے ڈیش بورڈ پر رکھی ٹکٹ دیکھی تو اُسے اس کے جعلی ہونے پر شک گزرا کیونکہ اس پر موجود کوڈ اس پارکنگ کی بجائے کسی دُوسرے ایریا کا تھا۔

(جاری ہے)

تھوڑی دیر بعد جب بنگلہ دیشی ملزم واپس آیا تو اتھارٹی کے اہلکار نے اُسے کہا کہ وہ ٹکٹ ڈیش بورڈ سے اُٹھا کر اُسے چیک کروائے۔

جب اہلکار نے اُسے چیک کیا تو اُس کا شک ٹھیک نکلا، ملزم نے ٹکٹ کے ساتھ جعلسازی کرتے ہوئے اس کی تاریخ 3 مارچ سے بدل کر 5 مارچ کر دی تھی۔ 49 سالہ اہلکار کی جانب سے فوری طور پر پولیس کو طلب کیا گیا جس نے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ملزم نے عدالت کے روبرو اپنا جُرم ماننے سے انکار کر دیا۔ تاہم عدالتوں نے کافی ثبوتوں کی بناءپر ملزم کو سزا سُناتے ہوئے تین ماہ کے لیے جیل بھیج دیا۔