معاشرے میں پیچھے رہ جانے والے طبقات کی ترقی ہماری ذمہ داری ہے،

فلاحی خدمت کرنے والے ادارے مجھے اپنا نمائندہ سمجھیں سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا اخوت کالج میں طلبہ سے خطاب

جمعہ 26 اپریل 2019 12:42

معاشرے میں پیچھے رہ جانے والے طبقات کی ترقی ہماری ذمہ داری ہے،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2019ء) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ اللہ نیک کام کرنے والوں کی مدد فرماتا ہے، اللہ کی خصوصی مہربانی ہوتی ہے کہ کسی کے دل میں بڑے کام کا احساس ڈالے، آپ کی سمت درست ہو تو آپ منزل پر ضرور پہنچتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو اخوت کالج قصور میں طلبہ سے خطاب کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ انسان کی ترقی اس کی سوچ میں ہے، اچھا انسان بننا ضروری ہے، ڈاکٹر، انجنئیر اور بیورو کریٹ بننے کے ساتھ ایک اچھا انسان بننا بھی ضروری ہے، طلبہ ہمارے مستقبل ہیں اور ہمارے معمار ہیں۔ اسد قیصر نے کہاکہ معاشرے میں پیچھے رہ جانے والے طبقات کی ترقی ہماری ذمہ داری ہے، کمزور طبقات کی فلاح و بہود میں سماجی اداروں کا بڑا کام ہے۔

(جاری ہے)

اخوت فاونڈیشن بچوں کے مستقبل کے لئے دن رات کام اور محنت کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ فلاحی خدمت کرنے والے ادارے مجھے اپنا نمائندہ سمجھیں، میں آپ لوگوں کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، کام کرنے کے لئے بڑے نام کی ضرورت نہیں، خدمت کے لئے جدوجہد کا جذبہ درکار ہوتا ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ بیوروکریٹس کو عوام کے مسائل کے حل کے لئے کام کرنا ہوگا، عوام کی توقعات پر پورا اترنے کے لئے کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ حکومت کو چیلنجز در پیش ہیں سب سے بڑا چیلینج اکانومی کا ہے، جلد پاکستان ان چیلنجز سے نکلے گا، ہمارا وزیراعظم ہمیں ان چیلنجز سے بھی نکالے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ سوچنا ہے کہ ہم نے ملک سے لینا نہیں دینا ہے۔ بعد ازاں سپیکر قومی اسمبلی نے اخوت کالج میں پودا بھی لگایا۔