موجودہ حکومت کے دور میں ٹول پلازوں سے ریونیو میں 10 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے

وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کا ایوان بالا میں وقفہ سوالات کے دوران جواب

جمعہ 26 اپریل 2019 12:57

موجودہ حکومت کے دور میں ٹول پلازوں سے ریونیو میں 10 ارب روپے کا اضافہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2019ء)وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کے دور میں ٹول پلازوں سے ریونیو میں 10 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے، ماضی میں ہونے والی لوٹ کھسوٹ ختم ہو گئی ہے اور جعلی اکائونٹس میں جانے والا پیسہ بھی رک گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو ایوان بالا میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر بہرہ مند تنگی اور سسی پلیجو کے سوالات کے جواب میں کیا۔

(جاری ہے)

مراد سعید نے ایوان کو بتایا کہ ملک بھر میں موٹر ویز پر 75 ٹول پلازے کام کر رہے ہیں اور ہر 35 سے 70 کلو میٹر کے فاصلے پر ٹول پلازہ ہونا چاہئے۔ ٹھٹھہ میں ہم نے کوئی نیا ٹول پلازہ نہیں بنایا، ٹول ٹیکس کی وصولی کو شفاف بنانے کے لئے انٹیلی جنٹس ٹرانسپورٹ سسٹم متعارف کرایا جا رہا ہے، ماضی میں ٹول وصولی اور ٹھیکوں میں لوٹ کھسوٹ ہوئی ہے اور ٹول وصولی کے نام پر فراڈ کیا جا رہا تھا جو اب رک گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پچھلے ایک سال کے دوران ایم ون پر قائم ٹول پلازوں سے 2 ارب روپے سے زائد کی آمدنی ہوئی ہے۔