ملک میں پاگل کتے اور سانپ کے کاٹے کے مریضوں کے علاج کے لئے ویکسین کی کوئی قلت نہیں، وفاقی وزیر پارلیمانی امور اعظم سواتی کا ایوان بالا میں وقفہ سوالات کے دوران جواب

جمعہ 26 اپریل 2019 12:57

ملک میں پاگل کتے اور سانپ کے کاٹے کے مریضوں کے علاج کے لئے ویکسین کی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2019ء) وفاقی وزیر پارلیمانی امور اعظم سواتی نے کہا ہے کہ ملک میں پاگل کتے کے کاٹے اور سانپ کے کاٹے کے مریضوں کے علاج کے لئے ویکسین کی کوئی قلت نہیں۔

(جاری ہے)

جمعہ کو ایوان بالا میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر ثمینہ سعید اور سینیٹر غوث نیازی کے سوالات کے جواب میں پاگل کتے کے کاٹے کی ویکسین کے معیار کے مسائل کے باعث نومبر سے دسمبر 2018ء کے دوران عارضی طور پر ویکسین کی قلت پیدا ہوئی تھی تاہم جنوری 2019ء کے بعد سے سپلائی شروع کر دی گئی ہے اور اب اس کی کوئی قلت نہیں ہے۔

پاکستان خود بھی یہ ویکسین تیار کرتا ہے جس سے اب اس کی قلت کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ پبلک ہیلتھ ریسرچ کونسل کے مطابق سانپ کے کاٹے کے سالانہ 20 ہزار واقعات ریکارڈ ہوتے ہیں اور اموات کی شرح 1.9 ہے۔ این آئی ایچ ملک میں یہ ویکسین تیار کرنے والا واحد ادارہ ہے۔ جلد پاکستان دیگر ممالک کو بھی یہ ویکسین برآمد کرنے کے قابل ہو جائے گا۔