آمدن سے زائد اثاثہ جات سکینڈل میں گرفتار ایس ایس پی جنید ارشد کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 10روز کی توسیع

جمعہ 26 اپریل 2019 13:26

آمدن سے زائد اثاثہ جات سکینڈل میں گرفتار ایس ایس پی جنید ارشد کے جسمانی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2019ء) احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات سکینڈل میں گرفتار ایس ایس پی جنید ارشد کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 10 روزکی توسیع کرتے ہوئے ملزم کو 6مئی کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔نیب کے تفتیشی افسر کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ ملزم جنید ارشد کی ماں اور باپ کے نام پر بے نامی دار جائیدادیں ہیں۔

جنید ارشد پٹرول پمپ اور متعدد پلاٹس کے مالک بھی ہیں۔تفتیشی افسر نے موقف اپنایا کہ جنید ارشد ایف آئی اے کی حراست میں تھے کل حراست میں لیا ہے ۔جنید ارشد کے وکیل نے موقف اپنایا کہ سابقہ بیوی نے ایف آئی اے اور نیب میں درخواستیں دیں۔ بیوی کا گھر سے چیزیں اٹھانے کے مقدمے سمیت متعدد مقدمات خارج کر دیئے گئے۔پٹرول پمپ والد کے نام ہے۔

(جاری ہے)

والد کے نام 1988 میں 2 پلاٹ سی ڈی اے سے قرعہ اندازی میں نکلے تھے۔

والد صاحب کے اثاثہ جات بھی جنید ارشد کے کھاتے میں ڈال دیئے گئے ہیں۔وکیل نے مزید موقف اپنایا کہ تمام اثاثہ جات ڈیکلئیئرڈ ہیں۔40 کروڑ روپے کا پٹرول پمپ والد صاحب نے ریٹائرمنٹ کے بعد بنایا تھا جسے ایک سال بعد بیچ دیا گیا۔ملزم جنید ارشد نے کہا کہ بیوی کو اثاثہ جات کا علم تھا اس نے نیب کو درخواست دے دی۔نیب کی جانب سے مجھے کوئی نوٹسز نہیں ملے،2 اکاونٹس ہیں، سیلری ایک اکائونٹس سے دوسرے میں بھجواتا تھا،کروڑوں روپے والی کوئی بنک ٹرانزیکشن میں نے نہیں کی۔

تفتیشی افسر نے موقف اپنایا کہ ملزم نے کروڑوں روپے کی بنک ٹرانزیکشنز کیں حالانکہ ان کی پوری سروس کی تنخواہ ایک کروڑ بھی نہیں ہو گی۔جنید ارشد نے کہا کہ میری 20سالہ سروس ہے جس میں سے 10 سال ہارڈ ایریا کی سروس ہے جس کی تنخواہ تین گنا ہوتی ہے۔ نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ ملزم کو خود کو بے گناہ ثابت کرنے کے لئے فیئر چانس دیا جائے گا۔