نیب قانون میں بہتری کے لئے اگر حکومت کام کرنا چاہتی ہے تو ہم اس کا خیرمقدم کریں گے، راجہ پرویز اشرف

جمعہ 26 اپریل 2019 14:24

نیب قانون میں بہتری کے لئے اگر حکومت کام کرنا چاہتی ہے تو ہم اس کا خیرمقدم ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2019ء) سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ نیب قانون میں بہتری کے لئے اگر حکومت کام کرنا چاہتی ہے تو ہم اس کا خیرمقدم کریں گے۔ آج کی اپوزیشن کل کی حکومت ہے، ہم سب کو مل کر ملک کو مسائل سے نکالنا ہے۔ جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ جو کام ملک و عوام کی بہتری کے لئے صحیح ہے اس کو صحیح کہنا چاہئے۔

(جاری ہے)

بدقسمتی سے ملک میں جمہوری نظام مضبوط نہیں ہو پا رہا، حکومت کو چاہئے کہ وہ ملک کی ترقی کے منصوبہ جات میں اپوزیشن جماعتوں کو ساتھ لے کر چلے، آج کی اپوزیشن کل کی حکومت اور آج کی حکومت کل کی اپوزیشن ہے لہذا ہم سب کو ملکی ترقی کے لئے مل بیٹھ کر آگے بڑھنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نیب کے قوانین کو مزید بہتر بنانا چاہتی ہے تو ہم اس کا خیرمقدم کریں گے۔ حکومت کو اس حوالے سے کام کرنا چاہئے۔