Live Updates

قومی اسمبلی اجلاس، موجودہ حکومت مقامی مینوفیکچرنگ کے فروغ اور انٹرپرائزز کو آسان قرضہ جات کی فراہمی پرتوجہ دے رہی ہے، پارلیمانی سیکرٹری

جمعہ 26 اپریل 2019 14:47

قومی اسمبلی اجلاس، موجودہ حکومت مقامی مینوفیکچرنگ کے فروغ اور انٹرپرائزز ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2019ء) قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ گزشتہ مالی سال کے دوران ملک میں 1800 سی سی سے اوپر ماڈل کی جیپوں اور خصوصی یوٹیلٹی گاڑیوں کی حتمی طلب 4184 یونٹ رہی‘ پاکستان میں صرف ایک تیار کنندہ فور وہیکلز (گاڑی) بنا رہا ہے۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران مہرین رزاق بھٹو کے سوال پر پارلیمانی سیکرٹری عالیہ ملک نے کہا کہ موجودہ حکومت مقامی مینوفیکچرنگ کو فروغ دے رہی ہے۔

ضمنی مالیاتی بل میں 1800 سی سی سے زائد گاڑیوں پر امپورٹ ڈیوٹی میں اضافہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد ہنڈائی‘ نسان سازگار یہاں پر پیداوار شروع کرے گی۔ جولائی سے ’کیا ‘موٹرز بھی گاڑیوں کی پیداوار شروع کر رہی ہے۔قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت سرکاری اور نجی دونوں شعبوں کے ذریعے مائیکرو انٹرپرائزز کو آسان قرضہ جات کی فراہمی پر توجہ دے رہی ہے۔

(جاری ہے)

جمعہ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران نفیسہ عنایت اللہ خٹک کے سوال پر انہوں نے ایوان کو بتایا کہ موجودہ حکومت چھوٹے قرضوں کے حصول میں آسانیاں فراہم کر رہی ہے۔ اب ذاتی ضمانت پر آسان قرضے دیئے جائیں گے۔ قرضوں سے متعلق مسائل ختم کئے جائیں گے جبکہ مارک اپ کی شرح بھی کم ہوگی۔ رومینہ خورشید کے سوال پر انہوں نے کہا کہ سافٹ لونز انٹرسٹ فری نہیں ہوتے۔

حکومت نے مائیکرو کریڈٹ میں اخوت کو بھی شامل کیا ہے۔ پہلے غریب لوگ قرضے نہیں لے سکتے تھے کیونکہ ان کے پاس گروی رکھنے کے لئے ضمانت نہیں ہوتی تھی۔ اب وہ شخصی ضمانت پر قرضے حاصل کر سکیں گے کیونکہ ہمیں غریبوں کا احساس ہے۔شاہدہ اختر علی کے سوال پر انہوں نے کہا کہ مائیکرو فنانسنگ پر پہلے شرائط سخت تھیں موجودہ حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانا چاہتی ہے اس مقصد کے لئے چھوٹے قرضوں کی فراہمی میں نوجوانوں کو ترجیح دی جارہی ہے تاکہ وہ ملازمت کی بجائے اپنا کاروبار کر سکیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات