سستی گاڑیوں کے نام پر فراڈ کیس میں ملزم شفیق حالی کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید سات روز کی توسیع

احتساب عدالت کا ملزم کو دوبارہ 03 مئی کو پیش کرنے کا حکم ،آئندہ سماعت گواہان کی شہادتیں طلب کر لیں

جمعہ 26 اپریل 2019 14:54

سستی گاڑیوں کے نام پر فراڈ کیس میں ملزم شفیق حالی کے جوڈیشل ریمانڈ میں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2019ء) احتساب عدالت نے سستی گاڑیوں کے نام پر ساڑھے تین کروڑ روپے کے فراڈ کیس میں ملزم شفیق حالی کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید سات روز کی توسیع کر دی ۔ عدالت نے ملزم کو دوبارہ 03 مئی کو پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے آئندہ سماعت گواہان کی شہادتیں طلب کر لیں۔ ملزم شفیق حالی کو جوڈیشل ریمانڈ کے بعد کیمپ جیل سے احتساب عدالت نمبر 1 میں پیش کیا گیا۔

(جاری ہے)

نیب پراسیکیوٹر کے مطابق حالی موٹرز اسکینڈل کیس کے مرکزی ملزم محمد شفیق حالی نے سستی گاڑیوں کے نام پر ساڑھے تین کروڑ روپے کا فراڈ کیا، ملزم کے خلاف شہریوں کوسستی گاڑیاں دلوانے کے نام پر ایڈوانس رقم جمع کروا کر تین کروڑ پچاس لاکھ روپے سے محروم کرنے کا الزام ہے،ملزم کے خلاف ایک سوپچاس سے زائد شہریوں نے جولائی دوہزار سولہ میں نیب لاہور سے رجوع کیا تھا،ہالی موٹرز کے مالک ملزم شفیق حالی نے جو لائی 2015 میں مین بلیورڈ, فیصل ٹاون لاہور میں واقع اپنے دفتر میں لوگوں کو 2 سے 3 لاکھ ایڈوانس رقم پرگاڑی دینے کا لالچ دینا شروع کیا،ملزم نے پبلسٹی کے ذریعے شہریوں کو دو سے تین لاکھ ایڈوانس جمع کروانے اور پندرہ سے بیس دن میں صرف بارہ ہزار روپے ماہانہ کی اقساط پر گاڑی دینے کا جھانسہ دیا۔