Live Updates

نندی پور پاور پروجیکٹ ریفرنس،ڈاکٹر بابر اعوان کی بریت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

جمعہ 26 اپریل 2019 14:58

نندی پور پاور پروجیکٹ ریفرنس،ڈاکٹر بابر اعوان کی بریت کی درخواست پر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2019ء) احتساب عدالت نے نندی پور پاور پروجیکٹ ریفرنس میں سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر بابر اعوان کی بریت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے جو کہ 30 اپریل کو سنایا جائے گا۔جمعہ کو احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے سماعت کی تو اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے سنیئر نائب صدر و سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر بابر اعوان عدالت میں پیش ہوئے ۔

دوران سماعت سینکڑوں وکلاء بھی ڈاکٹر بابر اعوان کے ہمراہ پیش ہوئے ۔ دوران سماعت نیب پراسیکوٹر نے تحریری دلائل عدالت میں جمع کراتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ مزید دلائل نہیں دینا چاہتا گذشتہ سماعت پر جو دلائل دیئے وہ کافی ہیں۔دوران سماعت جسٹس(ر)ریاض کیانی اور شمائلہ محمود کی جانب سے بھی بریت کی درخواست دائر کی گئی ۔

(جاری ہے)

عدالت نے دونوں درخواستوں پر دلائل 6مئی کو طلب کر لیئے۔

دوران سماعت فاضل جج محمد ارشد ملک نے حکم دیا کہ نندی پور پاور پروجیکٹ کے مرکزی ریفرنس کی سماعت چھ مئی کو ہے لہذا مذکورہ درخواستوں کو بھی اسی روز سن لیں گے ۔عدالت نے ڈاکٹر بابر اعوان کی جانب سے بھی دائر بریت کی درخواست پر فیصلہ 30ااپریل تک محفوظ کر لیا۔گزشتہ سماعت پر ڈاکٹر بابر اعوان نے اپنی بریت کی درخواست پر دلائل دیتے ہوئے بتایا کہ جب سمری وزارت قانون کو بھیجی گئی تب میں وزیر قانون نہیں تھا۔

اب تک نیب میرے خلاف کوئی گواہ یا دستاویزات پیش نہیں کر سکی ۔ڈٖاکٹر بابر اعوان نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ وزارت قانون سے مکمل اختیارات بیرون ملک کی پرائیویٹ فرم کو دینے کی اجازت مانگی گئی تھی، کس طرح ریاست کے مکمل اختیارات تھوڑی سی رقم کیلئے پرائیویٹ فرم کو دے سکتے تھے،میں تب وزیر قانون نہیں تھا اگر ہوتا تو بھی اس طرح کی سمری اپروو نہ کرتا، 2013 میں نندی پور کمیشن بنا جس میں مجھے طلب ہی نہیں کیا گیا،لیکن اس کے چار سال بعد جونہی کابینہ کا اعلان ہوا اچانک سے یہ معاملہ اٹھا دیا گیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات