آغا سراج درانی کے خلاف کیس کی سماعت 10 مئی تک ملتوی

لگتا ہے کہ بھارت سے پاکستان آ گیا ہوں،اسپیکر سندھ اسمبلی کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو

جمعہ 26 اپریل 2019 17:17

آغا سراج درانی کے خلاف کیس کی سماعت 10 مئی تک ملتوی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2019ء) احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثے رکھنے کے الزام میں گرفتار ہونے والے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے خلاف کیس کی سماعت 10 مئی تک ملتوی کردی۔تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو نیب کی جانب سے پیپلزپارٹی کے رہنما آغا سراج درانی کوجمعہ کو عدالت کے سامنے پیش کیا گیا۔عدالت میں سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر کی جانب سے انکوائری مکمل کرنے کے لیے مہلت طلب کی گئی جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ انکوائری مکمل کرنے کے لیے ٹائم کیوں چاہیی ۔

تفتیشی افسر نے جواب دیا کہ انکوائری ابھی مکمل نہیں ہوئی، آغا سراج درانی کی جانب سے جیل میں بی کلاس کی درخواست دائر کردی گئی۔وکیل آغا سراج درانی نے کہا کہ نیب کواعتراض نہیں ہونا چاہیے، آغا سراج اسپیکرسندھ اسمبلی ہیں، عدالت نے جیل میں بی کلاس کی فراہمی پرنیب کونوٹس جاری کردیے۔

(جاری ہے)

بعدازاں احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثے رکھنے کے الزام میں گرفتار ہونے والے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے خلاف کیس کی سمیت 10 مئی تک ملتوی کردی۔سماعت کے بعد ایک صحافی نے سوال کیا کہ آپ نیب کسٹڈی سے جیل منتقل ہو گئے ہیں تو اب کیسا محسوس کرتے ہیں اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے جواب دیا کہ لگتا ہے کہ بھارت سے پاکستان آ گیا ہوں۔