Live Updates

چین میں وزیراعظم عمران خان کی عالمی بینک، آئی ایم ایف کی قیادت سے ملاقاتیں

وزیر اعظم نے خطے میں غربت کے خاتمے، مالی انتظام، منصوبوں، ڈی اے ایس یو اور دیگر بنیادی ڈھانچے سے متعلق اقدامات سے آگاہ کیا عالمی بینک کی سی ای او کی پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ ،غیر ملکی فنڈ فراہم کرنے میں مدد کی یقین دہانی مجھے وزیراعظم عمران خان سے بیجنگ میں ملاقات کر کے خوشی ہوئی ، پاکستان کے معاشی استحکام کیلئے جامع پالیسی پیکیج اور عالمی معاشی امداد پر غور کیا، کرسٹن لیگارڈ

جمعہ 26 اپریل 2019 17:57

چین میں وزیراعظم عمران خان کی عالمی بینک، آئی ایم ایف کی قیادت سے ملاقاتیں
بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2019ء) چین کے 4 روزہ دورے پر موجود وزیراعظم عمران خان نے بیلٹ اینڈ روڈ سے متعلق جاری فورم کے موقع پر ورلڈ بینک کی سی ای او کرسٹالینا جارجیوا اور آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) کرسٹین لگارڈے سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی جس میں مختلف امورپر تبادلہ خیال کیاگیا ۔ملاقات میں عالمی بینک کی سی ای او کرسٹالینا جارجیوا سے ہونے والی ملاقات کے موقع پر وزیراعظم کے ہمراہ وزیر خارجہ، مشیر خزانہ اور مشیر کامرس بھی موجود تھے۔

وزیراعظم عمران خان نے ملک کی معاشی صورت حال کو بہتر بنانے کے لیے حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کے حوالے سے ورلڈ بینک کی سی ای او کو آگاہ کیا۔علاوہ ازیں وزیراعظم نے خطے میں غربت کے خاتمے، مالی انتظام، منصوبوں، ڈی اے ایس یو اور دیگر بنیادی ڈھانچے سے متعلق اقدامات اور کاروبار میں مدد کے حوالے سے عالمی بینک کے کردار کو سراہا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے عالمی بینک کی سی ای او کو حکومت کی جانب سے شروع کیے گئے سماجی بہبود کے پروگرام احساس سے بھی آگاہ کیا۔عالمی بینک کی سی ای او نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور غیر ملکی فنڈ فراہم کرنے میں مدد کی یقین دہانی کروائی۔بعد ازاں وزیراعظم عمران خان سے آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) کرسٹین لگارڈے سے بھی ملاقات کی۔

رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ ملاقات میں پاکستان کے آئی ایم ایف کے بیل آؤٹ پر بات چیت ہوئی ،اس موقع پر اقتصادی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف کا مشن پیر کو پاکستان پہنچ جائے گا جس کے بعد پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان بیل آؤٹ پیکج پر حتمی بات چیت ہوگی۔کرسٹین لیگا رڈ نے ٹوئٹ میں کہاکہ مجھے وزیراعظم عمران خان سے بیجنگ میں ملاقات کر کے خوشی ہوئی ۔انہوںنے بتایاکہ پاکستان کے معاشی استحکام کیلئے جامع پالیسی پیکیج اور عالمی معاشی امداد پر غور کیا ۔ملاقات میں گورننس میں بہتری اور غریبوں کے تحفظ پر بھی غور کیا گیا ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات