بی جے پی رہنما گوتم گمبھیر پر 2ووٹر شناختی کارڈ رکھنے کا الزام

گوتم گمبھیر کے دہلی کے دو مختلف حلقوں کے الگ الگ شناختی کارڈز ہیں:عام آدمی پارٹی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 26 اپریل 2019 17:51

بی جے پی رہنما گوتم گمبھیر پر 2ووٹر شناختی کارڈ رکھنے کا الزام
نئی دہلی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26اپریل2019ء) بھارت کی عام آدمی پارٹی نے سابق ٹیسٹ کرکٹر اور ایسٹ دہلی سے حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے امیدوار گوتم گمبھیر پر دو ووٹر شناختی کارڈ رکھنے کا الزام عائد کیا ہے۔عام آدمی پارٹی کی رہنما آتشی کا کہنا ہے کہ گوتم گمبھیر کے دارلحکومت نئی دہلی کے دو مختلف حلقوں کرول باغ اور راجندر نگر کے الگ الگ شناختی کارڈز ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ گوتم گمبھیر نے کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت یہ بات چھپائی کہ ان کا کرول باغ میں بھی ووٹ رجسٹرڈ ہے، جو عوامی نمائندگی کے ایکٹ کی شق 125اے کی خلاف ورزی ہے جس پر قانون کے تحت 6ماہ قید کی سزا ہوسکتی ہے۔آتشی نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹر پر کرول باغ اور راجندر نگر کے الیکٹورل رول کی تصاویر بھی شیئر کی ہیں ، جن میں گوتم گمبھیر کا نام درج ہے۔

واضح رہے کہ37سالہ سابق بھارتی ٹیسٹ کرکٹر نے 22مارچ کو بی جے پی میں شمولیت اختیار کی تھی، ان کا کہنا تھا کہ وہ وزیراعظم نریندر مودی کے ویژن سے متاثر ہیں، کرکٹ کے بعد ملک کے لئے مزید کچھ کرنے کی امید کے ساتھ سیاست میں آئے ہیں۔یاد رہے کہ نئی دہلی میں لوک سبھا کی سات نشستوں پر 12مئی کو ووٹ ڈالے جائیں گے جب کہ ووٹوں کی گنتی 23مئی کو ہوگی۔