Live Updates

ملک کونوازشریف کے دانشمندانہ فیصلوں کی ضرورت ہے،شبیرانصاری

ثابت ہوگیا عمران خان کی سوچ عوام کی بہتری نہیں بلکہ اقتدار کا حصول تھا

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعہ 26 اپریل 2019 18:13

ملک کونوازشریف کے دانشمندانہ فیصلوں کی ضرورت ہے،شبیرانصاری
حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 اپریل2019ء) مسلم لیگ ن کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر و سابق ایم این اے صاحبزادہ شبیر حسن انصاری نے کہا ہے کہ وہ دن دور نہیں جب مسلم لیگ ن دوبارہ اقتدار میں آئے گی اور اس ملک کی بھاگ دوڑ سنبھالے گی کیونکہ موجودہ حکومت نے عوام کو مایوسیوں کے سوا کچھ نہیں دیا ہے، عمران خان کی سوچ عوام کی بہتری نہیں بلکہ اقتدار کا حصول تھا اور اب ان کے الفاظ اور ان کے بیانات ان کی تربیت کی عکاسی کر رہے ہیں، ملک کے ایک بڑے منصب پر فائز شخص کو تہذیب کے دامن کو کبھی نہیں چھوڑنا چاہیے، ان خیالات کا اظہارا نہوں نے حیدرآباد میں ن لیگی کارکنان سے ملاقات کے دوران کیا، شبیر حسن انصاری نے کہا کہ ہمارے قائدین نے ہمیشہ تہذیب وتمدن کے دائرے میں رہ کر سیاست کی، مسلم لیگ ن نے ہمیشہ عوامی مفاد اور ملکی ترقی کو مقدم جانا کبھی بھی ذاتی حملے نہیں کیے، انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف اور شریف خاندا ن نے ہمیشہ پاکستان کو اہمیت دی، ن لیگ کے دور میں اگر کسی پر تنقید بھی کی جاتی تھی تو تہذیب کے دائرے میں رہ کر کی جاتی تھی اور الفاظوں کے چناؤ میں ایسا توازن رکھا جاتا تھا جس سے اسمبلی کا تقدس پامال نہ ہو، ن لیگ تہذیب یافتہ لوگوں کی جماعت ہے، جو دشمنوں کو بھی پاکیزہ سزا دیتی ہے لیکن نہ جانے تحریک انصاف کے لوگ کیسی ذہنیت کے حامل ہیں جو تنقید کرتے ہوئے گھٹیاپن کی انتہاؤں کو چھو جاتے ہیں، عوامی جلسے ہوں یا اسمبلی کا فلور ہر جگہ یہ لوگ اپنی بد تہذیبی دکھاتے ہیں، نا اہل تو یہ لوگ تھے ہی اب ان کے باتوں سے ان کی تربیت کا بھی عوام کو بخوبی اندازہ ہوگیا ہے،انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن بہت جلد اقتدا ر میں ا ٓئے گی، ہمارے دور میں عوام کو ہر سطح پر ریلیف ملا، میاں نواز شریف کے دور حکومت میں مہنگائی کم تھی، پٹرول، بجلی اور گیس کی قیمتیں مستحکم تھیں، میاں نواز شریف نے پاکستان کو ایٹمی قو ت بنایا اور ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں لا کھڑا کیا، ملک میں روزگارکے مواقع پیدا کیے، ایک عام انسان کی زندگی نہایت پر سکون تھی امن وا مان کی صورتحال بھی نہایت تسلی بخش تھی جبکہ آج ساری چیزیں اس کے برعکس ہیں، انہوں نے کہا کہ اس وقت عوامی امیدیں میاں نواز شریف سی جڑی ہیں کیونکہ موجودہ صورتحال سے ملک کو صرف میاں نواز شریف جیسی تجربہ کار شخصیت ہی نکال سکتی ہے، مسلم لیگ ن کے پاس ایسی ٹیم موجود ہے جو ہر صورتحال کو نہایت دانشمندانہ فیصلوں سے سنبھال لیتی ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات