Live Updates

وزیر زراعت محب اللہ خان کا دورہ جنوبی وزیرستان، ایک ہزار ایکڑ اراضی ہموار کرنے کے منصوبے کا افتتاح

جنوبی وزیرستان کے عوام کی ترقی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں ،،محب اللہ خان

جمعہ 26 اپریل 2019 18:34

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2019ء) خیبرپختونخوا کے وزیر زراعت و لائیو سٹاک محب اللہ خان نے کہا ہے کہ قبائلی عوام نے ملک و قوم کیلئے جو تاریخی قربانیاں دی ہیں انہیں کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا اور پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ان کے مسائل کے حل اور انہیںترقی سے ہمکنار کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دورہ جنوبی وزیرستان کے دوران مختلف منصوبوں کی افتتاحی تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر نے اس موقع پر پچاس لاکھ روپے کی لاگت سے ہموار کی جانی والی ایک ہزار ایکڑ اراضی کے منصوبے سمیت متعدد ترقیاتی سکیموںکا افتتاح کیا۔وزیرزراعت نے کہا کہ علاقے میں بنجر اراضی کے قابل کاشت اور ہموار بنانے کے منصوبے کی تکمیل سے ایک ہزار مقامی زمیندار مستفید ہونگے اور خاص طور پر ان کی معاشی حالت بہتر ہونے کے ساتھ زرعی پیداوار میں بھی اضافہ ہوگا اورصوبے کی معیشت مستحکم ہوگی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا لائیوسٹاک اور زراعت کی ترقی کیلئے مختص44 ارب روپے میں سے صوبے کے دیگر علاقوں کے ساتھ ساتھ ضم شدہ اضلاع میںبھی رقوم خرچ کی جائیں گی اسی طرح ضم شدہ اضلاع میں معدنیات، جنگلات، ماہی پروری اور آبادکاری کے لیے بھی 251 ارب روپے کی رقم فراہم کی جائیں گی جن کی بدولت علاقے میں روزگار کی فراہمی کے ساتھ عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی ۔

تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے علاقے کے عمائدین نے ترقیاتی منصوبوں کے اجرا پر صوبائی حکومت وزیر موصوف کا شکریہ ادا کیا اور علاقے کی تعمیر و ترقی میں بھر پور تعاون کا یقین دلایا ۔اس موقع پر فوکل پرسن محکمہ زراعت و لائیوسٹاک ڈاکٹر شبیرمحمد،مختلف محکموں کے ڈی جیز اور چیف پلاننگ آفیسر زراعت منتظر شاہ بھی صوبائی وزیر کے ہمراہ تھے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات