بلین ٹری کے مقامات کادورہ نہ کرانے پراپوزیشن جماعتیں سراپا احتجاج

بنوں کے دورے کے موقع پر کوئی سرکاری اہلکار ساتھ نہیں تھا یہ اپوزیشن کیساتھ امتیازی سلوک ہے،اکرم درانی اپوزیشن اراکین کمیٹیوں سے استعفے دے چکے ہیں اسلئے میٹنگ کی تاریخ بدلنی پڑی،چیئرمین سلکٹ کمیٹی کاتحریری پیغام پشاور

جمعہ 26 اپریل 2019 18:45

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2019ء) خیبرپختونخوااسمبلی میں بلین ٹری سونامی پراجیکٹ کی تحقیقات کیلئے بنوں جانیوالی سلکٹ کمیٹی کے ارکان کو حکومت کی طرف سے مقامات کا دورہ نہ کرانے پر اپوزیشن جماعتیں سراپا احتجاج بن گئیں ،صوبائی اسمبلی کا اجلاس جب سپیکرمشتاق غنی کی زیرصدارت شروع ہوا تونکتہ اعتراض پر اپوزیشن لیڈر اکرم درانی نے کہاکہ بلین ٹری کی تحقیقات کیلئے قائم خصوصی کمیٹی کے بنوں کے دورے کے موقع پر کوئی سرکاری اہلکار ساتھ نہیں تھا‘ عین موقع پر میٹنگ کی تاریخ بدلنا اپوزیشن کے ساتھ امتیازی سلوک ہے‘ اپوزیشن کی جانب سے کرپشن کی نشاندہی پرحکومت بھاگنے کی کوشش کررہی ہے ایساہوتارہا تو ایوان کی کارروائی چلنا مشکل ہوجائے گی۔

اس موقع پرسپیکرمشتاق غنی نے چیئرمین سلکٹ کمیٹی شوکت یوسفزئی کا تحریری پیغام سنایا جس میں انہوں نے کہاتھاکہ چونکہ اپوزیشن اراکین نے کمیٹیوں سے استعفیٰ دے رکھاہے اس لئے میٹنگ کی تاریخ موخرکی گئی یہ سنتے ہی اپوزیشن اراکین آپے سے باہرہوگئے اورانہوں نے بلندآوازپربلندشروع کردیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سینئروزیرعاطف خان نے کہاکہ اگرسپیکرصاحب نے استعفے منظورنہیں کئے پھرتواپوزیشن اراکین کمیٹیوں کے تاحال ممبرزہیں اپوزیشن کودوبارہ دورہ کرانے کیلئے تاریخ دینی چاہئے ۔

اپوزیشن لیڈراکرم درانی نے عاطف خان کوداددیتے ہوئے کہاکہ شکرہے عاطف جیسے ایماندارلوگ ایوان میں موجودہیں یہاںجونیئرافسرسیکرٹری اسمبلی کے عہدے پر فائز ہے‘ اسمبلی کو رولزکے مطابق چلایاجائے کسی کی بادشاہت نہیں چلنے دینگے۔ چیئرمین سلکٹ کمیٹی شوکت یوسفزئی نے خودانہیں فون پر کہاکہ وہ منسٹراورسیکرٹری کو بھیج رہے ہیں‘ سیکرٹری اسمبلی کے اس طرح کے اقدامات ہمیں منظورنہیں ،ایم ایم اے کے عنایت اللہ نے کہاکہ رولزکے مطابق اراکین کی مشاورت کے بغیرمیٹنگ کی تاریخ نہیں بدلی جاسکتی جس پر وزیرقانون سلطان محمد نے کہاکہ اتنا بڑاایشونہیں عنایت جس رولزکابتارہے ہیں یہ سٹینڈنگ کمیٹی کیلئے ہے نہ کہ سلکٹ کمیٹی کیلئے، میرے خیال میں کوارڈی نیشن نہ ہونے کے باعث مسئلہ پیش آیاہے دورے کیلئے اگلی کوئی تاریخ رکھ دیں۔

بعدازاں سپیکرمشتاق غنی نے وضاحت کرتے ہوئے کہاکہ تحریری پیغام چیئرمین سلکٹ کمیٹی کی طرف سے آیاہے اس میں سیکرٹری اسمبلی کاکوئی کردار نہیں جب چیئرمین کمیٹی شوکت یوسفزئی ایوان آئینگے تب وہ خودہی معاملے کی وضاحت دینگے ۔