پاکستان کو عالمی منڈیوں میں مقابلے کے رجحانات پر پورا اترنے کیلئے اپنی مصنوعات کی برانڈنگ و تشہیر پر توجہ دینا ہو گی،

خواتین کو ایک دوسرے کی صلاحیتوں سے استفادہ کرنا چاہئے جس کیلئے مختلف شعبوں میں اکیڈمیاں قائم کرنا ہونگی، ویمن چیمبرز آف کامرس کو اس پر کام کرنے کی ضرورت ہے خاتون اول ثمینہ علوی کا ویمن چیمبرز آف کامرس کی نمائندہ خواتین سے خطاب

جمعہ 26 اپریل 2019 18:51

پاکستان کو عالمی منڈیوں میں مقابلے کے رجحانات پر پورا اترنے کیلئے اپنی ..
لاہور۔26 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2019ء) خاتون اول ثمینہ علوی نے کہا ہے کہ پاکستان کو عالمی منڈیوں میں مقابلے کے رجحانات پر پورا ترنے کیلئے اپنی مصنوعات کی برانڈنگ اور تشہیر پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے، دنیا بھر میں پاکستانی مصنوعات کے مقابلے میں بھارتی مصنوعات کی رسائی زیادہ ہے ،کمپیوٹر اور انٹرنیٹ کے اس دور میں دنیا اب گلوبل ویلیج کی شکل اختیار کر گئی ہے جس کو مد نظر رکھتے ہوئے ہمیں اپنی مصنوعات کو عالمی مسابقتی رجحانات کے ہم پلہ لانا ہو گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت پاکستان(ایف پی سی سی آئی) کے ریجنل دفتر میں ویمن چیمبرز آف کامرس کی نمائندہ خواتین سے ملاقات کے دوران کیا۔وائس پریذیڈنٹ وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت شیریں اشرف خان،مختلف برانڈز کی ویمن اونرز،خواتین انٹرپرینئرز، سمیت دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

خاتون اول نے کہا کہ پاکستان میں کسی بھی شعبہ میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ،ہماری مصنوعات کا معیار بہت اچھا ہے تاہم دنیا بھر میں عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق اس کی برانڈنگ نہیں ہو رہی جس کیلئے ہمیں اپنی مصنوعات کو دنیا بھر میں متعارف کروانے کیلئے ان لوازمات کا خاص خیال رکھنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کیلئے خواتین کی تعلیم و تربیت پر بھرپور توجہ دینے کی ضرورت ہے کیونکہ پاکستان میں مردوں کی نسبت خواتین کی تعداد زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اندرون سندھ اور کراچی میں لڑکیوں کیلئے تعلیم و تربیت پر زیادہ توجہ نہیں دی جاتی ،ْ ہم نے کراچی میں تعلیم کیلئے ماضی میں بھی بہت کام کیا اور خواتین کو تعلیم کی فراہمی کیلئے اخراجات بھی خود برداشت کئے ،ْ اب بھی فنڈز اکٹھے کر کے خواتین کی تعلیم کیلئے اقدامات کر رہے ہیں ،ْ حکومت تعلیم نسواں کیلئے کام کر رہی ہے لیکن جو لڑکیاں کام کرنے کیلئے باہر نکلتی ہیں ان میں تحفظ کا احسا س اجاگر کرنے کیلئے ان کی سکیورٹی اور سرپرستی کے انتظامات کرنا ہوں گے ،ْ انہوں نے کہا کہ خواتین انٹرپرنیورشپ سمیت دیگر شعبہ ہائے زندگی میں پاکستان کا نام روشن کر رہی ہیں تاہم پاکستان کی ترقی اور خواتین کی ترقی کیلئے ان کو متحد ہونے کے ساتھ ساتھ ایک دوسرے کی صلاحیتوں سے استفادہ کرنا چاہئے ،ْ خواتین میں چھپے ٹیلنٹ سے فائدہ اٹھانے کیلئے مختلف شعبوں کی اکیڈمیاں بنانا ہوں گی اور ویمن چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کو اس پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر خاتون اول کو وائس پریذیڈنٹ وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت شیریں اشرف خان کی طرف سے خواتین کی ہنر مندی اور ان کی فلاح و بہبود کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور انہیں اعزازی شیلڈ بھی پیش کی گئی۔ تقریب کے اختتام پر گلوکارہ حمیرا ارشد نے اپنے فن کا مظاہرہ بھی کیا جس کو حاضرین نے خوب سراہا۔