آئندہ چند ماہ کے دوران معاشی و تجارتی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ نظر آئے گا ،رئیل سٹیٹ کے دم توڑتے ہوئے کاروبار کو بحال کریں گے،

مشکل حالات میں پی ٹی آئی کی حکومت بہترین بجٹ دے گی جس میں عام آدمی کو ریلیف ملے گا،صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال

جمعہ 26 اپریل 2019 18:51

آئندہ چند ماہ کے دوران معاشی و تجارتی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ نظر ..
لاہور۔26 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2019ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ سرمایہ کاروں اور تاجروں کو خوفزدہ کر نے کی بجائے انہیں زیادہ سے زیادہ سہولتیں دے کر ان کا اعتماد بحال کریں گے۔ حکومت کے سرمایہ کار دوست اقدامات کے باعث اربوں ڈالر کی نئی سرمایہ کاری آ رہی ہے اور اگلے چند ماہ میں معاشی و تجارتی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ نظر آئے گا۔

صوبے میں نئی انڈسٹریل ا سٹیٹس اور سپیشل اکنامک زون بنائے جارہے ہیں۔جن سے سرمایہ کاری میں اضافہ اور صنعتکاری کا عمل تیز ہو گا۔ مشکل حالات میں پی ٹی آئی کی حکومت بہترین بجٹ دے گی جس میں عام آدمی کو ریلیف ملے گا۔صوبائی وزیر نے یہ بات مقامی ہوٹل میں نیا پا کستان ہائوسنگ پر اجیکٹ کے حوالے سے منعقدہ سمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ محکمہ صنعت و تجارت ایسی اشیاء یہاں تیار کرنے کیلئے کوشاں ہیں جو باہر سے منگوانی پڑتی ہیں ۔

مقامی صنعت کاروں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کی طرف لانے کیلئے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے حوالے سے پاکستان کا 137واں نمبر ہے اور ہم نے اسے 100ممالک کی فہرست میں لانا ہے ۔ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری لانے کیلئے بھی موثر حکمت عملی اپنائی گئی ہے ۔ پرانے فرسودہ اور غیر ضروری قوانین ختم کرنے کیلئے پنجاب سمارٹ ریگولیشنز ایکٹ کی تیاری کا عمل تیزی سے جاری ہے ۔

انہوںنے کہا کہ ٹیوٹا کے صو بے بھر میں 405اداروں کو متحرک کیا گیا ہے اور ان اداروں سے مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر مند افرادی قوت تیار کی جائے گی جنہیں روز گارکیلئے بیرون ممالک بھجوا کر قیمتی زر مبادلہ بھی حاصل کیا جا سکتا ہے۔ پنجاب حکومت رئیل اسٹیٹ کے دم توڑتے کاروبار کو بھی بحال کرے گی اور یہ اہداف باتوں سے نہیں بلکہ عملی اقدامات کے ز ذیعے حاصل کریںگے ۔ بعد ازاں صوبائی وزیر نے مختلف سٹالوں کا معائنہ بھی کیا ۔