Live Updates

پاکستان اور چین کا سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے ترجیحی شعبوں انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیکسٹائل اور زرعی مصنوعات میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

جمعہ 26 اپریل 2019 18:51

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2019ء) پاکستان اور چین نے سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے ترجیحی شعبوں انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیکسٹائل اور زرعی مصنوعات میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ سرمایہ کاری بورڈ (بی او آئی) سے جاری پریس ریلیز کے مطابق سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین ہارون شریف اور چین کے ڈائریکٹر جنرل آف انویسٹمنٹ پروموشن ایجنسی (سی آئی پی ای) لیو ڈیانگ ین کے مابین بیجنگ میں ملاقات ہوئی۔

سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین ہارون شریف نے ایم او یو کی بحالی اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سے ڈائریکٹر جنرل سی آئی پی اے کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم چین کو سی پیک کے سات سپیشل اقتصادی زونز سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت رشکئی سپیشل اقتصادی زون کی ترقی ایک سنگ میل ہے جس سے صنعتی تعاون کو فروغ حاصل ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ صنعتی تعاون کا فروغ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے رواں سال کے دوران سپیشل اقتصادی زون کا نفاذ بڑے اہداف میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ آف انویسٹمنٹ کو ملکی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی طرف سے تجاویز موصول ہوئی ہیں جو کہ پاکستان کے ترجیحی شعبوں، فوڈ اور ٹیکسٹائل کی ویلیو ایڈیشن، سیاحت، آئی ٹی سیکٹر، انجینئرنگ اور لاجسٹک سرمایہ کاری کے خواہشمند ہیں۔

موجودہ حکومت سرمایہ کاری کے فروغ اور سرمایہ کاروں کو ہر قسم کی سہولیات اور تعاون فراہم کرنے کے لئے موثر حکمت عملی کے تحت کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی او آئی 2020ء تک پاکستان کو کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے والے 100 ممالک کی فہرست میں شامل کرنے ک لئے پرعزم ہے۔ ہارون شریف وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ دوسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں شرکت کے لئے چین کے دورے پر ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات