Live Updates

اداروں کو سیاست سے پاک رکھنا ایک اصولی فیصلہ ہے،ادارے مضبوط ہونگے تو ملک مضبوط ہوگا‘چوہدری محمد سرور

بزنس کمیونٹی کے مسائل سے حکومت مکمل طور پر آگاہ ہے معیشت کو بہتر بنانے کیلئے بزنس مین کو سہولت دینا سب سے اولین ترجیح ہے برطانیہ کی ترقی میں پاکستانی کمیونٹی کا نہایت اہم کردار ہے اورپاکستان برطانوی سرمایہ کاری کے مزید فروغ کا خواہش مند ہے‘گورنر پنجاب

جمعہ 26 اپریل 2019 18:54

اداروں کو سیاست سے پاک رکھنا ایک اصولی فیصلہ ہے،ادارے مضبوط ہونگے تو ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2019ء) گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور سے برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو، نیشنل مینجمنٹ کالج پشاور سے 26 رکنی وفد اور لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسڑی کے سنیئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر کی قیادت میں 35 رکنی وفدکی ملاقات۔ گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ چین سمیت پوری دنیا ہم پر اعتماد کررہی ہے کیونکہ دنیا جانتی ہے پاکستان میں ماضی کی طر ح کرپٹ نہیں بلکہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ایماندار قیادت موجود ہے ۔

دنیا آج دہشت گردی کے خلاف قربانیوں کو تسلیم کر رہی ہے ۔منی لانڈ رنگ اور کرپشن جیسے جرم کر نیوالے قومی مجرم ہیں انکو معاف نہیں کیا جاسکتا ۔غیر ملکی سر مایہ کاروں کو پاکستان میں مکمل تحفظ دیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز گورنر ہائوس لاہور میں برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے دیگر سفارتکاروں کے ہمراہ گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور سے ملاقات کی جس میں پاک برطانیہ تعلقا ت ،دہشت گردی کے خلاف جنگ اور دیگر بین الاقوامی امور پر بارے بات چیت کی گئی۔

تھامس ڈریو سے گفتگو میں چوہدری محمدسرور نے کہا کہ پاکستان اور بر طانیہ کے تعلقات انتہائی مضبوط ہیں اور پاکستان میں صحت اور تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے بھی برطانیہ کی حکومت نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر تمام ممالک کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نہ صرف پاکستان کا ساتھ دیں بلکہ افواج پاکستان سمیت سیکورٹی فورسز اور عوام نے جو قر بانیں دیں انکی بھی قدر کریں۔

انہوں نے کہا کہ برطانیہ کی ترقی میں پاکستانی کمیونٹی کا نہایت اہم کردار ہے اورپاکستان برطانوی سرمایہ کاری کے مزید فروغ کا خواہش مند ہے۔قبل ازیں گورنر پنجاب سے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے 35 رکنی وفد نے سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر اور نائب صدر فہیم و رحمان کی قیادت میں ملاقات کی اور گورنر پنجاب کو اقتصادی امور، برآمدات اور درآمدات کے معاملات کے علاوہ غیر ملکی سرمایہ کاری پاکستان میں لانے اور سپیشل اکنامک زون بنانے کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔

بعدازں نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینیجمنٹ سے سینئر مینجمنٹ کورس کے 26 رکنی وفد نے گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور سے ملاقات کی جن سے خطاب کے دوران گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ اداروں کو سیاست سے پاک رکھنا ایک اصولی فیصلہ ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ جب ادارے مضبوط ہوں گے تو ملک مضبوط ہوگا۔ اُنہوں نے کہا کہ تمام اداروں کے افسران کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنا کام محنت اور ایمانداری سے کریں۔

گورنر نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کے موجودہ مسائل سے حکومت مکمل طور پر آگاہ ہے اور معیشت کو بہتر بنانے کے لئے بزنس مین کو سہولت دینا سب سے اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کی مشاورت سے ہی معاشی پالیسی بنائی جائیگی ملکی، معیشت کی ترقی میں بزنس کمیونٹی نے ہمیشہ اپنا بھر پور کردار ادا کیا ہے۔ گورنر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے آتے ہی بزنس کمیونٹی کے لیے گیس کی فراہمی یقینی بنانے سمیت دیگر اقدامات کیے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ مستقبل میں بھی حکومت بزنس کمیونٹی کے لئے ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کیمونٹی کے بغیر ملکی ترقی اور خوشحالی ممکن نہیں ہوسکتی ،لاہور چیمبر آف کامر س اینڈ انڈسڑی کے جو بھی مسائل ہیں انکو تر جیحی بنیادوں پر حل کیا جائیگا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات