محمد حفیظ تیزی سے صحت یاب ہونے لگے ، بائولنگ پریکٹس شروع کردی

جمعہ 26 اپریل 2019 19:42

محمد حفیظ تیزی سے صحت یاب ہونے لگے ، بائولنگ پریکٹس شروع کردی
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اپریل2019ء) انگلینڈ کیخلاف سیریز اور آئی سی سی ورلڈکپ 2019ئ سے پہلے محمد حفیظ تیزی سے صحت یابی کی جانب گامزن، بائولنگ پریکٹس شروع کر دی ہے۔تفصیلات کے مطابق محمد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ورلڈکپ کیلئے پاکستانی سکواڈ کا اعلان کیا تو محمد حفیظ کا نام بھی اس میں شامل تھا جس پر یہ سوال اٹھایا جانے لگا کہ انگلی کی انجری کا شکار محمد حفیظ ورلڈکپ سے پہلے صحت یاب ہو پائیں گے یا نہیں مگر سلیکٹرز کو قوی امید تھی کہ وہ ورلڈکپ سے پہلے مکمل فٹ ہو جائیں گے اور اب اس کے آثار بھی نظر آنے لگے ہیں۔

ذرائع کے مطابق محمد حفیظ نے انگلینڈ میں بائولنگ پریکٹس شروع کر دی ہے اور اس کیساتھ ہی وہ فیلڈنگ اور بیٹنگ پریکٹس بھی کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

محمد حفیظ ورلڈکپ میں پاکستان کے اہم ترین کھلاڑی ثابت ہو سکتے ہیں جو ناصرف کسی بھی نمبر پر بیٹنگ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں بلکہ ضرورت پڑنے پر بہترین سپن بائولنگ بھی کروانے کا ہنر رکھتے ہیں۔محمد حفیظ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں لاہور قلندرز کے کپتان مقرر کئے گئے تھے مگر ٹورنامنٹ کے ابتدائ میں ہی وہ انگلی کی زخمی ہونے کے باعث باہر ہو گئے اور اب تک ان کی دو سرجریاں ہو چکی ہیں۔

پی ایس ایل میں ان کی جگہ کپتانی کا سہرا اے بی ڈویلئرز کے سر پر سجایا گیا اور اب پاکستانی شائقین کرکٹ ورلڈکپ سے پہلے ان کی مکمل بحالی کیلئے دعاگو ہیں تاکہ وہ میگاایونٹ میں اچھی کارکردگی کے ذریعے ٹیم کو فتوحات دلانے میں اہم کردار ادا کر سکیں۔