موجودہ حکومت کو عوام نے پانچ سال کا مینڈیٹ دیا ہے ، میاں منظور احمد وٹو

کرپشن کا خاتمہ ہم سب کا مشترکہ خواب ہے ، پاک فوج نے دھشت گردی کے خلاف جو قربانیاں دیں ہیں اُن پر پوری قوم کو فخر ہے ، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب

جمعہ 26 اپریل 2019 20:53

موجودہ حکومت کو عوام نے پانچ سال کا مینڈیٹ دیا ہے ، میاں منظور احمد ..
اوکاڑہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اپریل2019ء) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں منظور احمد وٹو نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کو عوام نے پانچ سال کا مینڈیٹ دیا ہے ، کرپشن کا خاتمہ ہم سب کا مشترکہ خواب ہے ، پاک فوج نے دھشت گردی کے خلاف جو قربانیاں دیں ہیں اُن پر پوری قوم کو فخر ہے ۔اِن خیالات کا اظہار انہوں نے اوکاڑہ پریس کلب کی گولڈن جوبلی تقریبات سے خطاب کے دوران کیا۔

میاں منظور احمد وٹو نے کہا کہ میں نے اپنے دور اقتدار میں ملک وقوم کے لئے جو خدمات سرانجام دیں ہیں اُس پر فخرہے ۔ کرپشن کا خاتمہ ہم سب کا مشترکہ خواب ہے لیکن اسے ختم کرنا موجودہ حکمرانوں کے بس کی بات نہیں ہے کیونکہ سیاست میں رواداری کا ہونا بہت ضروری ہے ، میں نے اپنے دوراقتدار میں مخالفین کو بھی اتنی ہی عزت دی جتنی اپنے حامیوں کو دی ، یہی وجہ ہے کہ کوئی بھی آج تک ہم پر انگلی نہیں اُٹھا سکا۔

(جاری ہے)

ہم اس ملک میں سیاسی نظام کو مستحکم دیکھنا چاہتے ہیں اور اس کے تسلسل پر یقین رکھتے ہیں ۔ موجودہ حکومت کو عوام نے پانچ سال اقتدار کا مینڈیٹ دیا ہے جو اسے پورا کرنے کا مکمل حق ہے ۔ سیاست میں سیاسی پارٹیاں بدل کر اپنی وفاداریاں تبدیل کرلینا اچھی بات نہیں ہے ، میں نے تو آزاد حیثیت سے الیکشن لڑا تھااور مجھے یہ حق حاصل تھا جسے بہتر سمجھوں اُس کا ساتھ دوں ۔

ایک سیاسی پارٹی میں کھڑے رہنے سے کارکن کے قدوکاٹھ میں اضافہ ہوتاہے اور سیاسی استحکام بھی پیدا ہوتاہے ۔دھشت گردی کے حوالے سے اور پاک بھارت کشیدگی پر انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے اس دوران جو کردار ادا کیا ہے اُس سے بین الاقوامی طور پر ہماری فوج کا نہ صرف مورال بلند ہوا ہے بلکہ پوری قوم کو اُن پر بجاطور پر فخر بھی ہے ۔ میں پاک فوج کو اپنی جانب سے زبردست خراج تحسین پیش کرتاہوں #