Live Updates

اسپیکراسد قیصر نے پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی قائم کردی

کمیٹی 26 ارکان پر مشتمل ہوگی،چیئرمین اسپیکر اسمبلی ہوں گے، کمیٹی میں شہبازشریف اور بلاول بھٹو بھی شامل، کمیٹی ارکان نیشنل ایکشن پلان کے زیرتحت کاروائیوں کا جائزہ لے گی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 26 اپریل 2019 20:06

اسپیکراسد قیصر نے پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی قائم کردی
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔26 اپریل 2019ء) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی قائم کردی،اسپیکر اسمبلی کمیٹی کے چیئرمین ہوں گے، کمیٹی 26ارکان پر مشتمل ہوگی،کمیٹی میں شہبازشریف اور بلاول بھٹو بھی شامل ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی تشکیل دے دی ہے۔

کمیٹی میں قومی اسمبلی اور سینیٹ میں پارلیمانی جماعتوں کے رہنماء شریک ہوں گے۔کمیٹی 26ارکان پر مشتمل ہوگی۔ کمیٹی کا تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔اسپیکر اسمبلی کمیٹی کے چیئرمین ہوں گے۔ باقی ارکان میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف، چیئرمین پی پی بلاول بھٹو، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، اعظم سواتی، خالد مقبول صدیقی،طارق بشیر چیمہ،شیخ رشید ، اسعد محمود، خالد مگسی، اخترمینگل،غوث بخش مہر ، شازین بگٹی سمیت دیگر ارکان شامل ہوں گے ۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ کمیٹی ارکان نیشنل ایکشن پلان کے تحت ہونے والی کاروائیوں کا جائزہ لیں گے۔ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے کابینہ کمیٹی برائے توانائی، نجکاری اوراقتصادی رابطہ کمیٹی کی تشکیل نو کردی ہے۔وزیراعظم عمران خان نے ان تمام کمیٹیوں کا مشیر خزانہ حفیظ شیخ کو چیئرمین مقرر کردیا ہے۔کابینہ کمیٹی برائے توانائی 7 ارکان پر مشتمل ہوگی۔

اسی طرح وزیراعظم نے اقتصادی کمیٹی کی بھی تشکیل نو کردی ہے، اقتصادی کمیٹی کے چیئرمین بھی حفیظ شیخ کو مقرر کیا گیا ہے۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی 14 ارکان پر مشتمل ہے۔اسی طرح کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کی بھی تشکیل نو کی گئی ہے، بتایا گیا ہے کہ کابینہ کمیٹی برائے نجکاری 8 ارکان پر مشتمل ہوگی۔ واضح رہے سابق وزیرخزانہ اسد عمر کے بعد توانائی، نجکاری اوراقتصادی رابطہ کمیٹیوں کی چیئرمین شپ پر تقرری کی جانی تھی۔ نئے مشیر خزانہ حفیظ شیخ کو اب ان تمام کمیٹیوں کا چیئرمین بنا دیا گیا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات