Live Updates

صدارتی نظام کی باتیں کرنے سے ملک میں انارکی پھیلے گی،سکندرحیات خان شیر پائو

قومی وطن پارٹی آٹھارویں ترمیم رول بیک یا اس میں ردوبدل کی بھرپور مخالف کرے گی،صوبائی رہنما قومی وطن پارٹی

جمعہ 26 اپریل 2019 23:57

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اپریل2019ء) سابق سینئر صوبائی وزیر اورقومی وطن پارٹی کے صوبائی رہنماء سکندر حیات خان شیرپائو نے کہا ہے کہ صدارتی نظام کی باتیں کرنے سے ملک میں انارکی پھیلے گی ،قومی وطن پارٹی آٹھارویں ترمیم رول بیک یا اس میں ردوبدل کی بھرپور مخالف کرے گی ۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے باغ کالونی پشاور سٹی میں ایک شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر قومی وطن پارٹی سٹی ڈسٹرکٹ پشاور سٹی کے آرگنائزر افضل خان پنیالہ ،ملک محمد عدیل،ملک عثمان،امجد خان،خالد باغی،قاضی اسد،صابر شاہ ،سرفراز خان اور دیگر بھی موجود تھے۔اس موقع پرمختلف سیاسی جماعتوں کے عہدیداروں اور کارکنوں حاجی زر جان،حاجی وحید خان،حاجی مہمند،حاجی جان محمد،حاجی ناصر سید محمد،سید رحمان صافی،شیرزمان،اسرار بابو،ڈاکٹر مناسب،یوسف خان،عبدالوکیل،جہانزیب خان،درویش خان،خلیل الرحمان،انعام اللہ اور نظر محمداپنے ساتھیوں اور خاندانوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

سکندر شیرپائو نے کہا کہ 18ویں آئینی ترمیم کے خاتمے اور صدارتی نظام لانے کی باتیں ملک میں افراتفری پھیلانے کے مترادف ہے جس کے خلاف ہر سطح پربھرپورمزاحمت کی جائے گی ۔انھوں نے کہا کہ ایک مضبوط وفاق کیلئے مضبوط ومستحکم اکائیاں انتہائی ضروری ہے کیونکہ مستحکم صوبے مضبوط وفاق کی علامت ہے اور جب تک ملک کی تمام اکائیاں مستحکم نہیں ہوں گی تب تک ایک مستحکم وفاق کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتالہٰذا 18ترمیم اور ملک میں صدارتی نظام لانے کے شوشے چھوڑنے سے گریز کیا جائے۔

انھوں نے سیاستدانوں کے خلاف مضحکہ خیز اور توہین آمیز زبان استعمال کرنے پر پی ٹی آئی کی قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومت کے پاس عوام کو ریلیف دینے کیلئے کچھ نہیں اور یہی وجہ ہے کہ وہ ان کی توجہ ہٹانے کیلئے ڈرامے بازی پر اتر آئی ہے۔انھوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے نوجوانوں کو ملازمت اور روزگار کا جھانسہ دے کر اقتدار تک رسائی حاصل کی جبکہ مقصد پورا ہونے پر نوجوانوں کو اپنا کاروبار شروع کرنے کے مشورے دیئے جارہے ہیں جس سے پی ٹی آئی کی بد عہدی اور دوغلا پن عیاں ہو چکا ہے۔

انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی آٹھ ماہ کی کارکردگی بات بات پر یوٹرن لینے ،جھوٹے دعوئوں اورتضادات کے مجموعہ کے سوا کچھ نہیں ۔انھوں نے کہا کہ گزشتہ آٹھ مہینوں کے دوران مہنگائی میں جو اضافہ ہوا ہے وہ تاریخ کا حصہ بن چکا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات