Live Updates

عدالت نے نواز شریف کو علاج کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت د ی تو ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکال دیا جائے گا،صمصام علی بخاری

جمعہ 26 اپریل 2019 23:45

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2019ء) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب سید صمصام علی بخاری نے کہا ہے کہ اگر عدالت نے نواز شریف کو طبی علاج کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دی تو ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکال دیا جائے گا۔ جمعہ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف ملک کے کسی بھی معیاری ہسپتال سے اپنا طبی علاج کرا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اپنے تین حکومتی ادوار کے دوران ملک میں کوئی ایک ہسپتال بھی ایسا نہیں بنایا جہاں سے ان کے قائد کو اطمینان بخش علاج کی سہولت مل سکے۔ وزیر اطلاعات پنجاب نے نواز شریف کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی اور کہا کہ کوئی بھی سیاسی جماعت ان کی صحت کے معاملے پر سیاست نہیں کر رہی۔ انہوں نے کہا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) ایک آزاد ادارہ ہے جو بدعنوان عناصر کے خلاف مقدمات کی تحقیقات کر رہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے پلانٹیشن ڈرائیو کے تحت ملک بھر میں اربوں پودے لگائے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات