Live Updates

عائشہ گلالئی نے رمضان کے بعد دھرنا دینے کا اعلان کر دیا

یہ دھرنا چھوٹی جماعتوں کے ساتھ مل کر دیا جائے گا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 27 اپریل 2019 11:04

عائشہ گلالئی نے رمضان کے بعد دھرنا دینے کا اعلان کر دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 اپریل 2019ء) : عائشہ گلالئی نے رمضان المبارک کے بعد دھرنا دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اکستان تحریک انصاف (گلالئی) کی سربراہ عائشہ گلالئی نے رجسٹرڈ چھوٹی سیاسی پارٹیوں پر مشتمل ‘پاکستان پیٹریاٹ ڈیموکریٹک الائنس’ نامی اتحاد کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ چھوٹی جماعتوں کے اجلاس میں مجھے اتحاد کی سربراہی سونپی گئی ۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عائشہ گلالئی نے کہا کہ اے پی سی میں 2 سو کے قریب مختلف چھوٹی سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ چیئرپرسن کی حیثیت سے سیاسی اتحاد کو لیڈ کررہی ہوں ۔ رمضان المبارک کے بعد ڈی چوک میں دھرنا دیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بلاول کو صاحبہ کہنا عورتوں کی تضحیک کے برابر ہے، بلاول اور مولانا فضل الرحمان کی توہین کرنا قابل مذمت ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ وزیرستان سے تعلق رکھنے والی عائشہ گلالئی پاکستان تحریک انصاف میں اہم کردار ادا کرتی رہیں لیکن 2017ء میں انہوں نے پارٹی چئیرمین عمران خان پر نازیبا پیغامات بھیجنے اور جنسی ہراساگی کا الزام عائد کیا اور پی ٹی آئی سے راہیں جُدا کر لیں۔ پی ٹی آئی سے راہیں جُدا کرنے کے بعد عائدشہ گلالئی نے تحریک انصاف گلالئی کے نام سے اپنی پارٹی بنائی اور اسے الیکشن کمیشن میں رجسٹر کروانے کے بعد الیکشن 2018ء کے لیے بلے باز کا انتخابی نشان حاصل کیا۔

پی ٹی آئی کی منحرف رہنما اور تحریک انصاف گلالئی کی سربراہ عائشہ گلالئی کو پی ٹی آئی کے خلاف جانا اورپارٹی چھوڑنا مہنگا پڑا اور عام انتخابات 2018ء میں عائشہ گلالئی کوئی ایک کامیابی بھی نہ سمیٹ سکیں۔ عائشہ گلالئی کو قومی اسمبلی کی نشستوں سے شکست کا چوکا پڑ گیا۔ این اے 53 اسلام آباد سے بھی شکست ہی عائشہ گلالئی کا مقدر بنی تھی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات