امریکہ ، روس اور چین نے افغانستان سے فوجوں کے ذمہ دارانہ انخلا پر اتفاق ہو گیا

افغانستان سے فوجوں کے ذمہ دارانہ انخلا پر ماسکو اجلاس میں اتفاق کیا گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 27 اپریل 2019 13:09

امریکہ ، روس اور چین نے افغانستان سے فوجوں کے ذمہ دارانہ انخلا پر اتفاق ..
ماسکو (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 اپریل 2019ء) : امریکہ، چین اور روس کا افغانستان سے فوجوں کے ذمہ دارانہ انخلا پر اتفاق ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق ماسکو میں ہونے والے اجلاس میں امریکہ افغانستان سے فوج نکالنے پر تیار ہو گیا جبکہ امریکہ چین اور روس نے مجموعی امن عمل کے لیے افغانستان سے غیر ملکی فوجوں کے ذمہ دارانہ انخلا پر اتفاق کر لیا۔

امریکی محکمہ خارجہ نے اس حوالے سے ایک مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا جس میں تمام فریقین سے تشدد کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات اُٹھانے پر زور دیا گیا۔ افغانستان پر آئندہ سہ فریقی اجلاس بیجنگ میں ہوگا۔ ادھر غیرملکی خبرایجنسی رائٹرز نے دعویٰ کیا کہ امریکی وزیر خارجہ کابل میں موجود آدھے سفارتی عملے کو ستمبر تک واپس امریکہ بلوالیں گے۔

(جاری ہے)

امریکی سفارتخانے میں 1500 افراد پر مشتمل عملہ موجود ہے۔ پلان کے تحت اگلے برس امریکہ نے سفارتی عملے کی واپسی کا فیصلہ فوجی انخلاء کے فیصلے کے بعد کرنا تھا۔ چار برس قبل امریکہ نے آٹھ سو ملین ڈالر کی خطیر رقم خرچ کر کے سفارتخانے کی توسیع کی تھی۔ واضح رہے کہ 22 اپریل کو امریکہ کے ساتھ مذاکرات سے متعلق افغان طالبان کے ایک سینئیر رکن نے کہا کہ مذاکرات کے اگلے دور میں غیر ملکی افواج کے انخلا اور اس کے ٹائم فریم پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔

ایک انٹرویو کے دوران طالبان کے سیاسی ترجمان سہیل شاہین نے کہا کہ واشنگٹن کے ساتھ گذشتہ مذاکرات میں دونوں فریقین کی جانب سے مکمل انخلا پر اتفاق دیکھا گیا تھا تاہم اس میں اب صرف تفصیلات وضع کرنے کی ضرورت ہے۔ترجمان نے کہا کہ امریکہ سے مذاکرات کے گذشتہ دور میں ہم نے ان سے افغانستان سے تمام غیر ملکی فورسز کو باہر نکالنے پر اتفاق کیا تھا۔ اس انخلا کے بدلے میں طالبان نے افغانستان کو دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہ بننے سے روکنے یا اسے دیگر ممالک پر حملوں کے لیے استعمال ہونے سے روکنے کا وعدہ کیا۔ تاہم اب امریکہ، چین اور روس کا افغانستان سے فوجوں کے ذمہ دارانہ انخلا پر اتفاق ہو گیا ہے۔