مقبوضہ کشمیر کے اندر ہندوستان بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی کر تے ہوئے بد ترین جرائم میں ملوث ہے،راجہ محمد فاروق حیدر خان

مقبوضہ کشمیر کے عوام اپنی جان ،مال ،عزت و آبرو کی قربانی دے کر اپنے وجود کے بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں، وزیراعظم آزاد کشمیر

ہفتہ 27 اپریل 2019 19:19

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2019ء) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے اندر ہندوستان بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی کر تے ہوئے انسانیت کے خلاف بد ترین جرائم میں ملوث ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام نے اپنی جان ،مال ،عزت و آبرو کی قربانی دے کر اپنے وجود کے بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں۔

ستر سال سے پاکستان کے ساتھ شامل ہونے کی تحریک میں رتی برابر کمی نہیںآئی بلکہ اس میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ دنیا بھر میں پاکستان ہی کشمیریوں کا وکیل اور ان کی امیدوں کا مرکز ہے۔ خفیہ رائے شماری ہوئی تو فاروق عبداللہ اور محبوبہ مفتی بھی پاکستان کے حق میں ووٹ دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہورسے فارغ التحصیل طلبا ء کی اولڈ راوئن ایسوسی ایشن کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب کی صدارت معروف قانون دان ایس ایم ظفر نے کی جبکہ اس سے سابق وزیر اورمسلم لیگی رہنما احسن اقبال ،پیپلز پارٹی کے اعتزاز احسن ،ذوالفقار چیمہ ، شہباز احمد،خالد عباس ڈار و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ وزیر اعظم نے گورنمنٹ کالج لاہور میں گزرے دنوں کی یادیں تازہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس ادارہ میں ان کا قیمتی ترین وقت گزرا جبکہ اساتذہ سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا۔

آج اس ادارہ سے فارغ التحصیل لوگ پاکستان کی کریم ہیں۔ میں تمام مکاتب فکر سے گزارش کرتا ہوں کہ خدا راہ پاکستان کے اندر سیاسی معاشی استحکام کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں ۔ کشمیریوں کو پاکستان اور پاکستانی عوام سے بہت امیدیں ہیں۔ جدوجہدآزادی نئی نسل میں سرائیت کر چکی ہے۔ مائیں اپنے شہید ہونے والے بچوں کو پاکستان کے قومی پرچم میں دفناتی ہیں۔

میں کشمیری پاکستانی ہوں مجھے اس پر فخر ہے۔ ہمیں پاکستان کے حالات پر بہت تکلف ہوتی ہے ۔ہماری خواہش ہے کہ پاکستان پر کوئی انگلی نہ اٹھائے۔ اآزادکشمیر کے اندر لائن ااف کنٹرول پر ہندوستانی فوج نے نہتے عوام جن میں بزرگ ،عورتیں اور بچے شامل ہیں کو براہ راست چھوٹے بڑے ہتھیاروں سے نشانہ بنایا ۔لائن آف کنٹرول پر بسنے والے کشمیری پاکستان کی پہلی دفاعی لائن ہیں اور وہ مورچے چھوڑ کر پیچھے نہیں ہٹے۔ اس موقع پر وزیر اعظم آزادکشمیر کا انتہائی پرتپاک استقبال کیا گیا۔ مقررین نے اپنے خطاب میں کشمیریوں کے ساتھ انتہائی یکجہتی کا اظہار کیا۔