Live Updates

برطانوی عدالت میں سربراہ ابراج گروپ عارف نقوی کی درخواست ضمانت مسترد

ضمانت مسترد ہونے کی وجہ عارف نقوی کے پاکستان فرارہونے کے خدشہ تھا، عارف نقوی کو امریکا کی درخواست پر گرفتار کیا گیا، عارف نقوی کوپی ٹی آئی کے فارن فنڈنگ کیلئے مالی معاون کے طور پر بھی جانا جاتا ہے

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 27 اپریل 2019 20:16

برطانوی عدالت میں سربراہ ابراج گروپ عارف نقوی کی درخواست ضمانت مسترد
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔27 اپریل 2019ء) برطانوی عدالت نے پی ٹی آئی کے مالی معاون اور ابراج گروپ کے سربراہ عارف نقوی کی درخواست ضمانت مسترد کردی ہے، عدالت نے عارف نقوی کی درخواست ضمانت پاکستان فرارہونے کے خدشے کے باعث مسترد کی ہے، عارف نقوی کو امریکا کی درخواست پر گرفتار کیا گیا۔غیرملکی میڈیا کے مطابق برطانوی عدالت نے پی ٹی آئی کے مالی معاون اور ابراج گروپ کے سربراہ عارف نقوی کی درخواست ضمانت مسترد کردی ہے،تاکہ ضمانت کے بعد عارف نقوی پاکستان فرار نہ ہوجائیں۔

اسکاٹ لینڈ یارڈ نے امریکا کی درخواست پرعارف نقوی کو 10اپریل کو ہیتھروایئرپورٹ سے گرفتار کیا تھا۔ابراج گروپ کے سربراہ امریکا کو 230ملین ڈالر کے صحت فنڈ میں خردبرد کے الزام میں مطلوب تھے۔

(جاری ہے)

جس پر اسکاٹ لینڈ یارڈ نے ان کو برطانیہ میں گرفتار کرلیا۔ اسکاٹ لینڈ یارڈ عارف نقوی کو امریکا کے حوالے کرے گی یا برطانیہ میں ہی ان کا ٹرائل چلایا جائے گا ، اس حوالے سے اگلے مہینے برطانیہ میں کیس کی سماعت ہوگی جس میں عارف نقوی کو امریکا کے سپرد کرنے کا فیصلہ سنایا جائے گا۔

بتایا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے مالی معاون عارف نقوی کے ابراج گروپ کا پچھلے سال اس وقت شیرازہ بکھر گیا تھا جب ان پرسرمایہ داروں کی کروڑوں ڈالر کی فنڈنگ کو اپنے ذاتی مقاصد کیلئے استعمال کرنے کا الزام عائد ہوا۔ ابراج گروپ کے سربراہ عارف نقوی نے برطانوی پولیس کی تفتیش میں جن لوگوں سے رابطے ظاہر کیے ان میں ڈاکٹر عارف علوی کا نام بھی شامل ہے۔

یاد رہے ابراج گروپ کے سربراہ عارف نقوی تحریک انصاف کے فارن سپانسر کے طور پر مشہور ہیں،لیکن ان کی گرفتاری سے حکمران جماعت تحریک انصاف کو شدید دھچکا پہنچا ہے۔ کیونکہ پی ٹی آئی کیخلاف فارن فنڈنگ کے کیسز پہلے ہی عدالتوں میں زیرالتواء ہیں،اور اس وقت پی ٹی آئی کی حکومت کو عوامی مسائل حل کرنے اور اپوزیشن کے دباؤ کا بھی سامنا ہے۔ لیکن ان حالات میں عارف نقوی کی گرفتاری اور درخواست ضمانت کا مسترد ہونا مشکلات میں مزیداضافے کا باعث ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان نے بھی ابراج گروپ کے سربراہ عارف نقوی کا اپنی کتاب میں ذکر کیا ہے۔ریحا م خان نے اپنی کتاب میں واضح کیا کہ عارف نقوی پی ٹی آئی کی فارن فنڈنگ میں ملوث ہیں۔ لیکن پی ٹی آئی کی جانب سے ان تمام حقائق کو جھٹلایا جاتا رہا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات