Live Updates

عارف نقوی کے روابط والے7 لوگوں میں ڈاکٹرعارف علوی شامل

پی ٹی آئی ابھی تک فارن فنڈنگ کیس سے بھاگ رہی ہے، لیکن اسی کیس میں 18 غیر قانونی بینک اکاؤنٹس کا انکشاف ہوا ہے جو کہ پی ٹی آئی کی لیڈرشپ کے زیر استعمال تھے۔ وزیراعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان کا ٹویٹ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 27 اپریل 2019 20:47

عارف نقوی کے روابط والے7 لوگوں میں ڈاکٹرعارف علوی شامل
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔27 اپریل 2019ء) وزیراعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان نے انکشاف کیا ہے کہ پی ٹی آئی فنانسر عارف نقوی نے جن7 لوگوں سے تعلق کا ذکر کیا ان میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی بھی شامل ہیں، پی ٹی آئی ابھی تک فارن فنڈنگ کیس سے بھاگ رہی ہے، لیکن اسی کیس میں 18 غیر قانونی بینک اکاؤنٹس کا انکشاف ہوا ہے جو کہ پی ٹی آئی کی لیڈرشپ کے زیر استعمال تھے۔

انہوں نے ابراج گروپ کے سربراہ اور پی ٹی آئی فارن فنڈنگ میں مالی معاون عارف نقوی کی ضمانت مسترد ہونے پر ٹویٹر پر اپنے ردعمل میں کہا کہ پی ٹی آئی ابھی تک فارن فنڈنگ کیس سے بھاگ رہی ہے یاد رہے کہ اسی کیس میں 18 غیر قانونی بینک اکاؤنٹس کا انکشاف ہوا ہے جو کہ پی ٹی آئی کی لیڈرشپ کے زیر استعمال تھے ۔

(جاری ہے)

ریحام خان نے اپنے ٹویٹس میں بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف کے فنانسر عارف نقوی کی برطانیہ میں ضمانت مسترد کر دی گئی۔

ضمانت اس خدشے کے پیش نظر مسترد کی گئی کہ کہیں وہ پاکستان فرار نہ ہو جائیں۔ عارف نقوی نے اپنی گرفتاری پر جن سات لوگوں کے نمبر پولیس کو دیے ان میں ایک نمبر صدر پاکستان عارف علوی کا بھی ہے۔ عارف نقوی کو 10 اپریل کو لندن کے ہیتھرو آئیرپورٹ پر گرفتار کیا گیا تھا
جب وہ پاکستان سے واپس آرہے تھے۔ گرفتاری امریکی استغاثہ کی حوالگی کی درخواست کے پیش نظر کی گئی۔

عارف نقوی پر بہت سے جرائم کے مقدمے ہیں۔ ریحام خان نے ایک اور ٹویٹ میں کہا کہ امریکی وکیل نے عارف نقوی پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے خفیہ طور پر ’’کم سے کم لاکھوں سرمایہ کاروں کے ہیلتھ فنڈ‘‘ کے نام پر دی جانے والی رقم ذاتی مقاصد اور دوبئی میں ابراج کے مالیاتی خسارے کو پورے کرنے میں استعمال کی۔ ریحام خان نے کہا کہ عارف نقوی نے اپنی گرفتاری کے وقت سات لوگوں کے فون نمبر دیے
جن میں سے ایک نمبر پاکستان تحریک انصاف کے سینئر لیڈر اور صدر پاکستان عارف علوی کا ہے ۔

جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ عارف نقوی کے طاقتور لوگوں سے تعلقات ہیں اور اسی بنیاد پر ان کو ضمانت نہیں دی گئی کہ کہیں فرار نہ ہو جائیں۔ عارف نقوی نے اپنی ضمانت کے لیے 19 لاکھ ڈالر حفاظتی رقم کے طور پر جمع کروانے کی پیشکش کی جس پر امریکی حکومت کے وکیل نے کہا کہ یہ رقم تو سمندر میں قطرے کے برابر ہے ۔
جج نے کہا کہ مستقبل میں اگر ضمانت ملی بھی تو 20 لاکھ ڈالر سے کئی گنا زیادہ حفاظتی رقم جمع کروانی ہوگی۔

واضح رہے غیرملکی میڈیا کے مطابق برطانوی عدالت نے پی ٹی آئی کے مالی معاون اور ابراج گروپ کے سربراہ عارف نقوی کی درخواست ضمانت مسترد کردی ہے،
تاکہ ضمانت کے بعد عارف نقوی پاکستان فرار نہ ہوجائیں۔اسکاٹ لینڈ یارڈ نے امریکا کی درخواست پرعارف نقوی کو 10اپریل کو ہیتھروایئرپورٹ سے گرفتار کیا تھا۔ابراج گروپ کے سربراہ امریکا کو 230ملین ڈالر کے صحت فنڈ میں خردبرد کے الزام میں مطلوب تھے۔ جس پر اسکاٹ لینڈ یارڈ نے ان کو برطانیہ میں گرفتار کرلیا۔ اسکاٹ لینڈ یارڈ عارف نقوی کو امریکا کے حوالے کرے گی یا برطانیہ میں ہی ان کا ٹرائل چلایا جائے گا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات