کوئٹہ میں کسٹم کے عملے نے ائیر پورٹ کے علاقے میں ایرانی پٹرول کے 4پمپ سیل کردیئے

ہفتہ 27 اپریل 2019 23:45

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2019ء) کوئٹہ کسٹم کے عملے نے ایف ٹی او کی خصوصی ہدایت پر صوبائی دارالحکومت میں ائیر پورٹ کے قریب غیر قانونی پیٹرول پمپوں کے خلاف کارروا ئی کرتے ہوئے متعدد غیر قانونی پٹرول پمپوں کو سیل کردیا تفصیلات کے مطابق ایف ٹی او کے صوبائی ایڈوائزر کی خصوصی ہدایت پر کلکٹر کسٹم پریوینٹو کوئٹہ افتخار احمد نے ایڈیشنل کلکٹر کسٹم جمیل بلوچ ڈپٹی کلیکٹر پریوینٹو عبدالقدوس اوراسسٹنٹ کلیکٹر کسٹم عمیر ارشد کی سربراہی میں ایک ٹیم تشکیل دی جس میں سپرنٹنڈنٹ سلیم مندوخیل ، انسپکٹرز شہزاد اختر، رحمت اللہ خلجی ، احمد نواز زہری مسرور مینگل ، جمیل کا کڑ ،سلیم شاہ ، رمضان سمیت دیگر نے کسٹم کے عملے نے ائیرپورٹ کے قریب قائم غیر قانونی پیٹرول پمپوں پر کارروائی کرتے ہوئے 4 پیٹرول پمپوں کو سیل کرکے ان کے خلاف کارروائی شروع کردی کافی مقدار میں غیر ملکی ڈیزل اور پٹرول بھی برآمد کی اسے دوران ایک گاڑی جو کہ ڈیزل کی کینز سے بھری ہوئی تھی کوبھی قبضے میں میں لے لیا ۔

(جاری ہے)

چیف کلکٹر کسٹم کا کہنا ہے کہ مذکورہ پیٹرول پمپوں پر غیر قانونی طریقے سے ایرانی پیٹرول اور ڈیزل فروخت کرکے ملکی معیشت کو نقصان پہنچایا جارہا تھا ایف ٹی او کے واضح احکامات کی روشنی میں کوئٹہ کسٹم کے عملے نے یہ کارروائی کی اور اس طرح کی کارروائیاں پہلے بھی کی گئی اور آئندہ بھی یہ کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ ان غیر قانونی اقدامات سے ملک اور قوم کو نجات دلائی جاسکے کلکٹر کسٹم کا کہنا تھا کہ کسٹم کا عملہ آئینی تقاضوں کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے اس طرح کے غیر قانونی اقدامات کی روک تھام کے لئے کارروائیاں کررہا ہے تاکہ ملکی معیشت کو مضبوط بنایا جاسکے۔ پولیس نے بھی کسٹم کی معاونت کی۔