Live Updates

گ*پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوامی مسائل سے بے خبر ہے ،سکندر حیات خان شیر پائو

گ* آٹھ مہینوں کے دوران عوام مسائل کے انبار تلے دب گئے ہیں، رہنما قومی وطن پارٹی

اتوار 28 اپریل 2019 19:11

؁پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اپریل2019ء) سابق سینئر صوبائی وزیر اورقومی وطن پارٹی کے صوبائی رہنماء سکندر حیات خان شیرپائو نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوامی مسائل سے بے خبر ہے اور یہی وجہ ہے کہ گزشتہ آٹھ مہینوں کے دوران عوام مسائل کے انبار تلے دب گئے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے مٹہ ضلع سوات میں پارٹی کی ممبر سازی مہم کے حوالے منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سکندر شیرپائو نے پارٹی کارکنوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ رکنیت سازی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے تاکہ ضلع سوات میں مقررکردہ ہدف سے زیادہ ممبر سازی کویقینی بنایا جاسکے۔انھوں نے کہا کہ حکمران حکومتی معامالات بہتر انداز میں چلانے کی بجائے ملک کے سیاستدانوں کی تضحیک پر اتر آئی ہے جس کا مقصد لوگوں کی توجہ حقیقی مسائل سے ہٹا کر نان ایشوز میں الجھاناہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ حکمران عوام کو ریلیف دینے اور ان کے مسائل کے حل کیلئے درکار سنجیدگی سے عاری ہیں جس کی وجہ سے ایک قلیل مدت میں ہی عوام حکومت سے متنفر ہو چکی ہیں۔انھوں نے کہا کہ ریاست مدینہ بنانے کے دعویدار حکومت کے پاس محروم طبقات کی بہبود کاکوئی پروگرام نہیں ہے جس کی وجہ سے غریب عوام دو وقت کی روٹی کے حصول کیلئے ترس گئے ہیں۔انھوں نے کہا کہ کرپشن کے خاتمے کے نعرے لگانے والوں نے احتساب کے نام پر اپنے سیاسی مخالفین کو ٹارگٹ کیا ہے جبکہ بی آرٹی،بلین ٹری سونامی اور ایلمنٹری ایجوکیشن فائونڈیشن جیسے منصوبوں میں مالیاتی بے قاعدگیاں ان کو نظر نہیں آتی جس سے ثابت ہوتا ہے کہ اچھی حکمرانی قائم کرنے اور بد عنوانی ختم کرنے کے دعوے محض ایک ڈھونگ تھا۔

انھوں نے حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگرملک میں صدارتی نظام لانے اور اٹھارویں ترمیم کو تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی تو اس سے وفاق کی سالمیت کودھچکہ لگنے کا اندیشہ ہے۔ انھوں نے حکومت کی طرف سے لوکل گورنمنٹ میں ضلعی کونسل ختم کرنے کے مجوزہ منصوبے کو مسترد کرتے ہوئے کہاکہ اس سے اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کے عمل پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔

انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی ضلع سوات اور یہاں کے عوام کے مسائل و مشکلات اجاگر کرنے کیلئے کلیدی کردارادا کرے گی۔انھوں نے کہا کہ مٹہ کو تحصیل کا درجہ قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپائو نے دیا تھا اب ضرورت اس امر کی ہے کہ وزیراعلیٰ اور متعدد وزرا ء کا تعلق ضلع سوات سے ان کو چاہیے کہ اپر سوات کو الگ ضلع کا درجہ دیا جائے۔اس موقع پر کیو ڈبلیو پی ضلع سوات کے آرگنائزر امجد خان سمیت شیربہادرزادہ خان، نصراللہ خان،رضاء اللہ خان،مصطفٰی کمال خان،سجاد خان اور پارٹی کارکن بڑی تعداد میں موجود تھے۔اجتماع کے موقع پر مختلف سیاسی جماعتوں کے سرکردہ کارکنوں نے قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان بھی کیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات