ْقومی اداروں کے نام پر شہریوں سے فراڈ کرنیوالے میاں بیوی کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید توسیع

پیر 29 اپریل 2019 15:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2019ء) احتساب عدالت نے قومی اداروں کے نام پر شہریوں سے فراڈ کرنے والے ملزمان میاں بیوی کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 11 دن کی توسیع کر دی۔احتساب عدالت کے ڈیوٹی جج محمد وسیم اختر نے کیس پر سماعت کی۔عدالت نے ملزم فاروق اور اسکی بیوی طیبہ کو دوبارہ 10 مئی کو عدالت کے روبرو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

(جاری ہے)

نیب پراسیکیوٹر کے مطابق ملزم فاروق اور اسکی اہلیہ طیبہ لوگوں کو کاروباری تعلقات اور نیب و آئی ایس آئی سے کام کروانے کے نام پر لوٹتے تھے، ملزمان سستے بلڈوزر دلانے کے نام پر لوگوں کی مجبوریوں کا فائدہ اٹھا کر ان سے پیسے بٹورتے رہے۔ ملزمان کے مطابق ماڈل ہائوسنگ سوسائٹی چنیوٹ کے مالک سردار اعظم سے پلاٹ خریدا، جسکا قبضہ نہیں دیاگیا،متعلقہ حکام کو شکایات کرنے پر سردار اعظم نے ان کے خلاف مختلف دفعات کے تحت 28 مقدمات درج کروا دئیے جو سب خارج ہو گئیں، سردار اعظم اور نیب کے تفتیشی عابد حسین کی ملی بھگت سے ان کے خلاف نیب کا کیس بنایا دیا گیا، سردار اعظم اپنی غلطی مان کر ہمیں ایف آئی اے میں 13 لاکھ روپے دے چکا ہے۔