اگر پرویز مشرف پاکستان آئے تو انہیں ائیرپورٹ سے ہی گرفتار کر لیا جائے گا،سینئیر صحافی

سابق آرمی چیف راحیل شریف نے پرویز مشرف کو بچانے کے لیے ہر طرح کا حربہ اختیار کیا تھا لیکن آج کی فوج ایسا نہیں کرے گی، حامد میر

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ پیر 29 اپریل 2019 23:46

اگر پرویز مشرف پاکستان آئے تو انہیں ائیرپورٹ سے ہی گرفتار کر لیا جائے ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29اپریل2019ء) سینئیر صحافی حامد میر نے نجی ٹی وی چینل پر شو کے دوران کہا ہے کہ اب اگرسابق صدر پرویز مشرف پاکستان آئے تو انہیں ائیرپورٹ سے ہی گرفتار کر لیا جائے گا ، انہوں نے کہا ہے کہ اب پرویز مشرف کو نہیں چھوڑا جائے گا کیونکہ اب حالات بدل گئے ہیں انہوں نے کہا کہ اس وقت کی اور موجودہ فوج بھی مختلف ہے۔

حامد میر نے ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس بریفنگ میں دیے گئے بیان کا حوالہ بھی دیا کہ جنرل آصف غفور نے بھی کہا ہے کہ اب حالات بدل گئے ہیں۔ حامد میر کے مطابق سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف نے پرویز مشرف کو بچانے کے لیے ہر طرح کا حربہ اختیار کیا تھا لیکن آج کی فوج او جنرل قمر جاوید باجوہ ایسا نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر مشرف پاکستان آتے ہیں تو انہیں فوراََ گرفتار کر لیا جائے گا لیکن ان کے وکیل بھی عدالت سے ایسا ہی رلیف مانگ سکتے ہیں جیسا رلیف سابق وزیراعظم نواز شریف کو ملا ہے۔

(جاری ہے)

یا درہے کہ سابق صدر پرویز مشرف پر غداری کا سنگین الزام ہے اور ان پر عدالت میں مقدمہ چل رہا ہے لیکن وہ علاج کی غرض سے پاکستان سے باہر گئے ہوئے ہیں جبکہ چند دن پہلے ان کے وکیل نے کہا تھا کہ پرویز مشرف پاکستان واپس آرہے ہیں تاہم خاندانی ذرائع نے اس بات کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ سابق صدر کی صحت خراب ہے اور وہ لمبا سفر نہیں کر سکتے۔ اب سینئیر صحافی حامد میر نےکہا ہے کہ اب اگرسابق صدر پرویز مشرف پاکستان آئے تو انہیں ائیرپورٹ سے ہی گرفتار کر لیا جائے گا۔