Live Updates

عمران خان کے خلاف پروپیگنڈا میں امریکی لابی ملوث

امریکا عمران خان کو چین سے دور رکھنا چاہتا ہے اس لیے ان کے خلاف ذاتی نوعیت کا پراپیگنڈا کرواتا ہے تاہم عمران خان امریکا کے پریشر میں نہیں آئیں گے۔ سینئیر صحافی کا دعویٰ

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 30 اپریل 2019 13:07

عمران خان کے خلاف پروپیگنڈا میں امریکی لابی ملوث
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 اپریل2019ء) وزیراعظم عمران خان نے گذشتہ ہفتے چین کا دورہ کیا اس دوران دونوں ممالک کے مابین اہم معاہدوں پر دستخط بھی کیے گئے،لیکن کیا اس کے ثمرات عوام کو بھی ملیں گے یا نہیں؟اسی متعلق گفتگو کرتے ہوئے معروف صحافی ہارون الرشید کا کہنا ہے کہ اس کے ثمرات ضرور ملیں گے۔ملازمتوں کی سب سے زیادہ ضرورت قبائلی علاقوں میں ہے۔

میرے خیال سے ان تمام معاہدوں کے اثرات دو تین سال میں واضح ہوں گے، جس طرح وزیراعظم عمران خان نے دیگر چیزوں کی تیاری نہیں کی تھی اسی طرح انہوں نے چین کے معاملے پر بھی تیاری نہیں کی تھی لیکن اب وہ کنفیوژن سے باہر نکل آئے ہیں۔مجھے یاد ہے کہ 30 اکتوبر کے جلسے کے بعد میں نے ان کو فون کیا تھا اور پوچھا کہ تم کہاں ہو؟۔

(جاری ہے)

تو عمران خان نے جواب دیا کہ میں ائیرپورٹ پر ہوں اور چین جا رہا ہوں تو میں دنگ رہ گیا کہ خدا کے بندے کچھ معلومات تو لے لیتے۔

عمران خان تیاری کے بغیر گئے تو چین کو مایوسی بھی ہوئی۔لیکن عمران خان کی شخصیت کا ایک اچھا پہلو یہ ہے کہ جس کام کو کرنے کا تہیہ کر لیتے ہیں اس پہ ڈٹ ضرور جاتے ہیں، عمران خان کے خلاف جو پروپیگنڈا ہو رہا ہے وہ امریکی لابی کر رہی ہے،امریکا چاہتا ہے کہ چین عمران خان چین سے دور رہے اس لیے وہ عمران خان کے خلاف ذاتی نوعیت کا پراپیگنڈا کرتا ہے۔

لیکن میں جانتا ہوں کہ عمران خان چین سے دور نہیں رہے گا اور امریکا کے پریشر کا مقابلہ کرے گا،ہارون الرشید کا مزید کہنا تھا کہ ایک تاثر دینے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ عمران خان کو چین میں کوئی اہمیت نہیں دی گئی لیکن ایسا نہیں ہے مجھے یقین ہے کہ عمران خان کا چائنہ کا دورہ بہت ثمرات لائے گا۔اور وزیراعظم عمران خان کی ملاقات روسی صدر پیوٹن سے بھی لازمی ہو گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات