Live Updates

پیپلز پارٹی چھوٹی سی جماعت رہ گئی ہے اسے میری جماعت میں ضم کر دیں

عائشہ گلالئی کا پیپلز پارٹی چئیرمین کو ''مفت'' مشورہ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 30 اپریل 2019 15:47

پیپلز پارٹی چھوٹی سی جماعت رہ گئی ہے اسے میری جماعت میں ضم کر دیں
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 اپریل 2019ء) : پاکستان تحریک انصاف گلالئی کی سربراہ عائشہ گلالئی نے پیپلز پارٹی کو مشورہ دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق عائشہ گلالئی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت کو میرا مفت مشورہ یہ ہے کہ پاکستان تحریک انصاف گلالئی میں ، آپ اپنی چھوٹی سی پارٹی پیپلز پارٹی، جو سندھ تک محدود ہو کر رہ گئی ہے، کو ضم کر دیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ میرا بلاول بھٹو اور آصف علی زرداری کو پُر خلوص مشورہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اپنے خلاف ہونے والی کرپشن کی تحقیقات کی وجہ سے پاکستان کو توڑنے کی باتیں کر رہے ہیں اوروہ کوشش کر رہے ہیں کے یہ تحقیقات نہ ہوپائیں۔ عائشہ گلالئی نے بلاول بھٹو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ کو پاکستان کی اتنی فکر ہے تو سوئس بنکوں سے اپنے اربوں روپے واپس لے آئیں۔

(جاری ہے)

 اپنے ویڈیو پیغام میں عائشہ گلالئی نے بلاول بھٹو پر شدید تنقید کی اور کہا کہ بلاول ملک کو توڑنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ عائشہ گلالئی نے رمضان المبارک کے بعد دھرنا دینے کا اعلان بھی کر رکھا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف (گلالئی) کی سربراہ عائشہ گلالئی نے رجسٹرڈ چھوٹی سیاسی پارٹیوں پر مشتمل ‘پاکستان پیٹریاٹ ڈیموکریٹک الائنس’ نامی اتحاد کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ چھوٹی جماعتوں کے اجلاس میں مجھے اتحاد کی سربراہی سونپی گئی ۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عائشہ گلالئی نے کہا کہ اے پی سی میں 2 سو کے قریب مختلف چھوٹی سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ چیئرپرسن کی حیثیت سے سیاسی اتحاد کو لیڈ کررہی ہوں ۔ رمضان المبارک کے بعد ڈی چوک میں دھرنا دیں گے۔ خیال رہے کہ وزیرستان سے تعلق رکھنے والی عائشہ گلالئی پاکستان تحریک انصاف میں اہم کردار ادا کرتی رہیں لیکن 2017ء میں انہوں نے پارٹی چئیرمین عمران خان پر نازیبا پیغامات بھیجنے اور جنسی ہراساگی کا الزام عائد کیا اور پی ٹی آئی سے راہیں جُدا کر لیں۔

پی ٹی آئی سے راہیں جُدا کرنے کے بعد عائدشہ گلالئی نے تحریک انصاف گلالئی کے نام سے اپنی پارٹی بنائی اور اسے الیکشن کمیشن میں رجسٹر کروانے کے بعد الیکشن 2018ء کے لیے بلے باز کا انتخابی نشان حاصل کیا۔ پی ٹی آئی کی منحرف رہنما اور تحریک انصاف گلالئی کی سربراہ عائشہ گلالئی کو پی ٹی آئی کے خلاف جانا اورپارٹی چھوڑنا مہنگا پڑا اور عام انتخابات 2018ء میں عائشہ گلالئی کوئی ایک کامیابی بھی نہ سمیٹ سکیں۔ عائشہ گلالئی کو قومی اسمبلی کی نشستوں سے شکست کا چوکا پڑ گیا۔ این اے 53 اسلام آباد سے بھی شکست ہی عائشہ گلالئی کا مقدر بنی تھی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات