Live Updates

وزیر اعظم عمران خان نے مہمند ڈیم کا سنگ بنیاد رکھ دیا

مسلمانوں کی تاریخ کی سب سے بہترین ریاست مدینہ کی تھی جس کی مغرب نے نقالی کی. تقریب سے خطاب

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 2 مئی 2019 15:19

وزیر اعظم عمران خان نے مہمند ڈیم کا سنگ بنیاد رکھ دیا
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔02 مئی۔2019ء) وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے مہمند ڈیم کے تعمیراتی کام کا سنگ بنیاد رکھ دیا، ڈیم دریائے سوات پر منڈا ہیڈ ورکس کے مقام پر تعمیر کیا جائے گا. 291 ارب روپے کی لاگت سے بننے والے ڈیم میں 12 لاکھ ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہو گی، اس کے ذرئعے 800 میگا واٹ بجلی پیدا ہوسکے گی.

مہمند ڈیم دریائے سوات پر منڈا ہیڈ ورکس کے مقام پر تعمیر کیا جا رہا ہے جو پشاور سے 37 کلو میٹر شمال کی جانب ضلع مہمند میں واقع ہے. ڈیم کی اونچائی 213 میٹر یعنی 698 اعشاریہ 82 فٹ بلند ہو گی، ڈیم سے دائیں اور بائیں جانب نکلنے والے نہری نظام سے ضلع مہمند کی مجموعی طور پر 16667 ایکڑ بنجر زمین کاشت کے قابل ہو سکے گی. مہمند ڈیم کی تعمیر سے ضلع چارسدہ اور نوشہرہ کے زیادہ ترعلاقے موسمی سیلاب سے محفوظ ہو جائیں گے، یہ ڈیم 5 سال یعنی 2024ءتک مکمل ہو گا.

اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے وادی تیراہ کے اسپورٹس فیسٹیول باغ امن میلے میں شرکت کی جہاں انہوں نے مختلف دستوں کی جانب سے صلاحیتوں کا مظاہرہ دیکھا. اس موقع پر فرنٹیئر کور کے دستے کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان کو سلامی پیش کی گئی، انہوں نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں انعامات بھی تقسیم کیے. مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور منصوبے کے سنگ بنیاد کی تقریب میں وزیراعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا، سابق چیف جسٹس ثاقب نثار، عہدیداروں اور مقامی عمائدین نے شرکت کی.

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سابق چیف جسٹس نے ڈی کے لیے زمین فراہم کرنے پرمقامی افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ڈیم کے لیے اپنی زمین دینے سے بڑی قربانی کوئی نہیں. وزیراعظم عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عدلیہ کا کام نہیں ہے کہ وہ ملک میں ڈیم کی تعمیر کے لیے اقدامات اٹھائے لیکن میاں ثاقب نثار نے حکمرانوں کی عدم توجہ کی وجہ سے یہ اقدامات اٹھائے.

تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم خان نے سابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کو ڈیم فنڈ کا آغاز کرنے پر خراج تحسین پیش کیا. انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان وادی تیراہ میں گیا جو ایک ایسی وادی ہے جہاں انگریز بھی حکومت نہیں کرسکا اور وہاں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا‘ ہم چین کی طرح اپنے ملک کو ترقی دینی ہے جس طرح چین نے اپنے ملک کو ترقی دی.

انہوں نے کہا مسلمانوں کی تاریخ کی سب سے بہترین ریاست مدینہ کی ریاست تھی جس پر مغرب نے فلاحی ریاست کی بنیاد رکھی اور بیواﺅں یتمیوں اور ضعیفوں کا خیال رکھنا سب سے پہلے مدینہ کی ریاست میں شروع ہوا. انہوں نے کہا کہ ہمیں کمزور طبقے کو ترقی دینی ہے اور ملک میں جہاں قدرتی وسائل نکالے جارہے ہیں ان علاقوں کو ترقی دینی چاہئے. وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں احساس ہے کہ یہاں کہ لوگوں کے کیا مسائل ہیں ہم انہیں دور کریں گے اور آپ کے نوکریاں، معاشی مواقع، جدید ٹیکنالوجی اور تعلیم کی سہولیات فراہم کریں گے.

این ایف سی میں فاٹا کے لیے 3 فیصد مختص کرنے کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ اس وقت تمام صوبوں کو جنگ کے باعث تباہ حال قبائلی علاقوں کو ترقی دینے کے لیے مدد کردنی چاہیے‘اور اگر نوجوانوں کو بہتر مواقع نہیں دیے گئے تو وہ غلط ہاتھوں میں استعمال ہوسکتے ہیں جس سے پورے پاکستان کو نقصان ہوگا. وزیراعظم نے بتایا کہ چین میں کئی ہزار ڈیم ہیں اور ہمیں بھی ان کی ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانا چاہیے، ہمیں 5 سال میں 50 لاکھ گھر بھی بنانے ہیں اور اب چینی کمپنی نے ایسی ٹیکنالوجی پیش کی ہے جس سے ایک ہفتے می ایک منزل تعمیر کرلی جائے گی.

وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں کسی ایک علاقے یا شہر کو ترقی نہیں دینی بلکہ پورے ملک کو ترقی دینی ہے اور بالخصوص ہم قبائلی علاقوں پر سب سے زیادہ توجہ دیں گے جو زبوں حالی کا شکار ہے. وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ فیصل واوڈا کے جو دل میں تھا سب کہہ دیا ہے، سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کا مشکور ہوں انہوں نے ڈیم کے لیے جدوجہد کی. انہوں نے کہا کہ یہ عدالتوں کا کام نہیں کہ ڈیم بنائیں، حکومتوں کا کام ہے لیکن ہماری حکومتوں کی نااہلی کی وجہ سے جوڈیشری کو آگے آنا پڑا.

وزیر اعظم نے کہا کہ وادی تیراہ وہ علاقہ ہے جہاں انگریزوں کو شکست ہوئی، پاک فوج کو سلام پیش کرتا ہوں دہشت گردی کا خاتمہ کیا جنگ زدہ علاقوں میں لوگ سرمایہ کاری نہیں کرتے آج لوگ پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں، سرمایہ کاری چاہتے ہیں. انہوں نے کہا کہ خوش آئند بات ہے پاکستان کا وزیر اعظم تیراہ گیا، قبائلی علاقوں میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع ہیں 1960 کی دہائی میں پاکستان ترقی کر رہا تھا، کیا وجہ ہے برصغیر کے دیگر ممالک پاکستان سے آگے نکل گئے چین کی ترقی مثال ہے، وہاں کی قیادت الیکشن کا نہیں سوچتی.

وزیر اعظم نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت پر ترقیاتی فنڈز سے متعلق مثال دیکھ لیں، لاہور میں اوسط فی کس 70 ہزار روپے خرچ ہوتے تھے، دیگر علاقوں کے لوگوں نے بھی لاہور کا رخ کرلیا اس وجہ سے لاہور کی آبادی بڑھی اور پانی جیسے مسائل پیدا ہوئے. انہوں نے کہا کہ فیصلہ کیا ہے ساڑھے 4 ارب روپے مہمند پر خرچ کیے جائیں گے، سوئی کے علاقے سے قدرتی گیس نکلی اور پورے ملک میں چلی گئی، سوئی کے علاقے کو دیکھیں تو موئن جو دڑو کا مقابلہ کر رہا ہے فیصلہ کیا ہے جس علاقے میں قدرتی وسائل ہوں گے انہیں فائدہ ہوگا افغانستان کے ساتھ تجارت کے راستے کھولے جائیں گے.

وزیر اعظم نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں 2 جی اور 3 جی کی سہولت دی جائے گی، قبائلی علاقوں میں تعلیم اولین ترجیح ہے فوری اقدامات کریں گے. انہوں نے کہا کہ چین کا دورہ کر کے ا?یا ہوں، چین نے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے الیکشن کے لیے گفتگو نہیں کروں گا ہم نے کام کر کے دکھانا ہے ہمارے پاس صرف 2 بڑے ڈیم اور باقی چھوٹے چھوٹے ڈیم ہیں چین میں 80 ہزار ڈیم ہیں وہ مستقبل کا سوچ رہے ہیں.

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ 50 لاکھ گھروں کے منصوبے کو جلد سے جلد مکمل کرنا ہے، چین کی نئی ٹیکنالوجی ہے ایک ہفتے میں ایک فلور تعمیر کر دیتے ہیں جدید ٹیکنالوجی کی حامل چینی کمپنی پاکستان میں بھی جلد کھلنے والی ہے. انہوں نے کہا کہ مجھ سے جب جائیداد کے بارے میں پوچھا گیا تو ایک سال میں 60 دستاویزات پیش کیں، کہہ سکتا تھا کہ میں کھلاڑی تھا، قانون مجھ پر لاگو نہیں ہوتا لیکن میں نےتمام ثبوت پیش کیے اور عدالت نے مجھے بری کیا ان سے پوچھو تو جمہوریت کے پیچھے چھپ رہے ہوتے ہیں.

تقریب سے وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں ڈیم نہیں بنائے گئے کیونکہ کمائی پر توجہ تھی، مہمند ڈیم کا سنگ بنیاد رکھنے جا رہے ہیں جس پر بہت خوشی ہے، کوشش کی کالا باغ ڈیم بھی بن جائے لیکن کامیاب نہیں ہوسکا. فیصل واوڈا نے کہا کہ بیرونی طاقتوں اور دشمن قوتوں نے ملک کو بنجر بنانے کی پوری کوشش کی، میری وزارت میں 128 لوگ ہوتے تھے ہم نے 6 افراد پر وزارت چلائی پروپیگنڈا کیا گیا کہ مجھے سابق چیف جسٹس کی ڈیم فنڈنگ سے مسئلہ ہے، مجھے سابق چیف جسٹس کی ڈیم فنڈنگ سے کوئی مسئلہ نہیں.

انہوں نے کہا کہ سابق چیف جسٹس اور جسٹس صاحبان کی تقریب میں شرکت پر مشکور ہوں‘فیصل واوڈا نے 10 ویں روزے سے پہلے اپنے حلقے سے نوکریاں دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ احساس پروگرام کے ذریعے نوکریاں دینے کا آغاز کر رہے ہیں. ماضی کے حکمرانوں نے اپنے مفاد کے لیے ملک کو اندھیروں میں دھکیلا ماضی میں حکمرانوں نے اپنی جیبیں اور تجوریاں بھریں، ملک کو تباہ کردیا.

انہوں نے کہا کہ 3 مرتبہ وزیر اعظم رہے اور آج جھوٹ کا سہارا لے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

سمدھی، بیٹے، داماد، بھائی اور ان کا پورا ٹبر آج ملک سے بھاگا ہوا ہے وزیر اعظم صاحب آپ کو عوام نے ان لوگوں کے احتساب کے لیے منتخب کیا. سابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج بہت خوشی محسوس کر رہا ہوں، آج اس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا گیا جس کے لیے سب نے جدوجہد کی، سپریم کورٹ اور ججز نے ڈیم سے متعلق فرض نبھایا ہے. انہوں نے کہا کہ میں نے یا سپریم کورٹ نے کسی پر کوئی احسان نہیں کیا ڈیم فنڈز کے لیے اوور سیز پاکستانیوں نے دل کھول کر مدد کی جس طرح کام ہو رہا ہے امید ہے ڈیم وقت مقررہ پر مکمل ہوجائے گا.

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات