Live Updates

وزیر اعظم عمران خان نے مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا

ڈیم سے 800 میگا واٹ سستی بجلی، 1.2 ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی سہولت حاصل ہوگی، منصوبہ تین ارب ڈالر کی لاگت سے پانچ سال میں مکمل کیا جائے گا، پشاورکو 13.32 ملین کیوبیک میٹر پینے کا صاف پانی، پشاور ‘ چارسدہ ‘ نوشہرہ اوردیگر اضلاع سیلابوں سے محفوظ ہوجائیںگے، وزیر اعظم کو بریفنگ

جمعرات 2 مئی 2019 16:25

وزیر اعظم عمران خان نے مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا سنگ بنیاد ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2019ء) وزیر اعظم عمران خان نے جمعرات کوکثیرالمقاصد مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا ‘ ڈیم سے 800 میگا واٹ سستی بجلی پیدا ہونے کے ساتھ ساتھ 1.2 ملین ایکڑ فیٹ پانی ذخیرہ کرنے کی سہولت بھی حاصل ہوگی جس سے چارسدہ ‘ مہمند اورخیبر پختونخواکے دیگر ملحقہ علاقوں کے باشندے مستفید ہوںگے ‘ مذکورہ منصوبہ تین ارب ڈالر کی لاگت سے پانچ سال میں مکمل کیا جائے گا ۔

سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان ‘ وزیر اعلیٰ محمودخان ‘ وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک ‘ چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے سابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار ‘ وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واڈا ‘ وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نورالحق قادری ‘سینیٹر فیصل جاوید ‘ رکن قومی اسمبلی ساجد خان ‘ پاکستان تحریک انصاف کے رہنمائوں اور واپڈ ا حکام نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

چیئر مین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر)مزمل حسین اور ڈیم کے پراجیکٹ ڈائریکٹر نے وزیر اعظم کو ڈیم کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تکمیل کے بعد مہمند ڈیم سے سالانہ 2,862 گیگا واٹ بجلی حاصل ہونے کے ساتھ ساتھ 12 لاکھ ایکڑ فیٹ پانی ذخیرہ کرنے کی سہولت بھی ملے گی اور اس سے 17 ہزار ایکڑ بنجر زمین بھی زیر کاشت لائی جاسکے گی ۔مہمند ڈیم ضلع دریائے سوات پر چارسدہ اور ضلع مہمند کے سنگم پر تعمیر کیا جارہاہے جو پشاور سے 48 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔

وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ مہمند ڈیم سے صوبائی دارالحکومت کو 13.32 ملین کیوبیک میٹر پینے کا صاف پانی بھی مہیا کیا جائے گا ۔ ڈیم سے ضلع مہمند میں پانی کی کمی کا دیرینہ مسئلہ بھی حل ہوجائے گا اور پشاور ‘ چارسدہ ‘ نوشہرہ اوردیگر اضلاع سیلابوں سے محفوظ ہوجائیںگے ۔ وفاقی حکومت کے اس منصوبے کی تکمیل سے بجلی کی لوڈشیڈنگ مسئلے پر قابوپانے میں مدد ملے گی اورملحقہ علاقوں کی ہزاروں ایکڑ بنجر زمین زیر کاشت لائے جانے کے ساتھ ساتھ پشاور کے باشندوں کو پینے کا صاف پانی بھی میسر آئے گا ۔

منصوبہ 183 ارب روپے کی لاگت سے پانچ سال میں مکمل کیاجائے گا ‘ منصوبے پر کام کے آ غاز سے بڑے پیمانے پر روزگار کے مواقع میسر آنے کے ساتھ ساتھ علاقے میں غربت میں کمی واقع ہو گی اور اس حوالے سے حاصل ہونے والے فوائد کا سالانہ بنیادوں پر تخمینہ 51 اعشاریہ چھ ارب روپے لگایا گیا ہے ، اس منصوبے کی تکمیل سے قومی توانائی پالیسی کے اہداف جن میں سستی بجلی کی پیداوار میں اضافہ اور پاکستان میں توانائی کی ضروریات پو را کرنا شامل ہے، حاصل ہو سکیں گے ، 213 میٹر بلند مہمند ڈیم کی تعمیر سے سیلاب کے خطرات سے نمٹنے میں بھی مدد ملے گی جبکہ ڈیم کا آبی ذخیرہ دریائے سوات کے پانی کی روانی کو معمول پر رکھنے میں مدد گار ثابت ہو گا اور دریا کا پانی سیلابی شکل اختیار نہیں کرے گا، بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈیم کی تعمیر کیلئے 8675 ایکڑ زمین حاصل کی گئی ہے جبکہ پانی ذ خیرہ کرنے اور ایریگیشن نیٹ ورک کے قیام کیلئے 56کلو میٹر طویل علاقہ اس کے علاوہ ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات