مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ڈھونگ انتخاب سے قبل 72سے زائد کشمیری گرفتار

میر واعظ ، اشر ف صحرائی اور دیگر کی طرف سے گرفتاریوںکی مذمت

جمعرات 2 مئی 2019 19:10

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2019ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز نے پلوامہ اور شوپیاں میں پیر کو ہونیوالے نام نہاد بھارتی پارلیمانی انتخابات کے پانچویں اور آخری مرحلے سے قبل جنوبی کشمیرمیں بڑے پیمانے پر کریک ڈائون جاری رکھتے ہوئے 72سے زائد کشمیریوں کو گرفتارکرلیا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ضلع پلوامہ کے علاقوںگوڈورہ ، نیوا، تہاب ، ،پاری گام ، چیواکلاںاور مرن سے 60سے زائد کشمیریوںکو گرفتار کیاگیا ہے ۔

ضلع شوپیاں کے علاقوں ویہل اور نارواہ سے چھ نوجوانوںکو گرفتار کیاگیا ہے ۔ یہ گرفتاریاں پیر کو لوک سبھا کے حلقہ انتخاب اسلام آباد میں نام نہاد بھارتی پارلیمانی انتخاب سے چند وز قبل کی گئی ہیں۔ حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق ، تحریک حریت جموںوکشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی ،کل جماعتی حریت کانفرنس اور دیگر حریت رہنمائوں اور تنظیموںنے اپنے الگ الگ بیانات میں جنوبی کشمیرمیں بڑے پیمانے پر گرفتاریوںکی شدید مذمت کی ہے ۔

(جاری ہے)

میر واعظ عمر فاروق نے ٹویٹر پر جاری ایک پیغام میں کہاکہ بنیادی انسانی حقوق کے چیمپین جب تک مقبوضہ کشمیرمیں جاری بھارتی مظالم کے خلاف بات نہیں کرتے کشمیریوںپر مظالم کا سلسلہ جاری رہے گا ۔ محمد اشرف صحرائی نے کہاکہ تنظیموںپر پابندی عائد کرنا، رہنمائوںاورکارکنوں کو جیلوں میں نظربند کرنا اور ہر قسم کے پر امن سیاسی اختلاف پر قدغن لگانا جمہوری اقدارکے خلاف ہے اور اسکے تباہ کن نتائج سامنے آئیں گے ۔

کل جماعتی حریت کانفرنس نے ایک بیان میںبھارتی فورسز کی طرف سے خاص طورپر کشمیری نوجوانوں کے خلاف جاری جبر واستبداد کی بدترین پالیسی کی مذمت کی۔ حریت کانفرنس نے کشمیر میں بگڑتی ہوئی سیاسی صورتحال پر شدید تشویش بھی ظاہر کی ۔حریت رہنمائوں شبیر احمد ڈار ، محمد اقبال میر ،امتیاز احمد ریشی، غلام نبی وار ، غلام نبی وسیم اور مشتاق الاسلام نے بھی اپنے الگ الگ بیانات میں گرفتاریوں کی شدید مذمت کی ہے ۔

جموںوکشمیر فریڈم موومنٹ کے چیئرمین محمد شریف سرتاج نے جموں میں جاری ایک بیان میں کہاکہ بھارت کے ڈھونگ پارلیمانی انتخابات ایک فوجی مشق کے سوا کچھ نہیں ہیںجو کہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کا متبادل نہیںہو سکتے ۔کشتواڑمیں مرکزی جامع مسجد کے امام مولوی طارق حسین کی زیرصدرات ایک اجلاس کے شرکاء نے جموں خطے میںحال ہی میں قائم ہونیوالے ’’جموںوکشمیر یوتھ فورم‘‘ کومکمل تعاون کا یقین دلایا ۔