پنجاب اسمبلی اجلاس میں شوبز سے وابستہ شخصیات کے رمضان ٹرانسمیشن کرنے پر پابندی کی قرارداد متفقہ طو رپر منظور

سابقہ دور میں زکوٰة کے پیسے کو غیر منصفانہ طورپر تقسیم کیاگیا ،ہمارے پاس ثبوت ہیں ،اگر ثابت نہ کر سکا تو مستعفی ہو جائوں گا ‘ وزیر زکوة شوکت لالیکا ہمارے دور کا ریکارڈ چیک کریں اور پھر بات کریںا ور جو بھی بات ہو گی وہ اسی ایوان میں سب کے سامنے ہوگی‘سابق وزیر زکوة ندیم کامران

جمعرات 2 مئی 2019 22:46

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2019ء) پنجاب اسمبلی نے شوبز سے وابستہ شخصیات کے رمضان ٹرانسمیشن کرنے پر پابندی کی قرارداد متفقہ طو رپر منظور کر لی ،ایوان میں موجودہ اور سابق وزیر زکو و عشر آمنے سامنے آگئے، وزیر زکو و عشر شوکت لالیکا نے الزام عائد کیا کہ سابقہ دور میں زکوٰة کے پیسے کو غیر منصفانہ طورپر تقسیم کیاگیا اور ہمارے پاس اس کے ثبوت ہیں ،اگر میں یہ ثابت نہ کر سکا تو مستعفی ہو جائوں گا جبکہ ملک ندیم کامران نے صوبائی وزیر کا چیلنج قبول کر لیا ۔

پنجاب اسمبلی کا اجلاس مقررہ وقت کی بجائے 2 گھنٹی7منٹ کی تاخیر سے ڈپٹی سپیکر سردار ددوست مزاری کی صدارت میں شروع ہوا ۔اجلاس میں محکمہ ہائر ایجوکیشن کے بارے میں متعلقہ پارلیمانی سیکرٹری سبطین رضا نے جواب دئیے ۔

(جاری ہے)

وقفہ سوالاات کے بعد رکن اسمبلی میاں عبدالجلیل شرقپوری نے نکتہ اعتراض پر زکوٰة کی تقسیم کے حوالے سے بات کی کہ رمضاان کی آمد ہے اس لئے زکوٰة کمیٹیوں کی تشکیل مکمل کرکے مستحق لوگوں کو زکوٰة تقسیم کی جائے جس پر اجلاس میں موجود صوبائی وزیر عشر وزکوة شوکت لالیکا نے کہا کہ (ن) لیگ نے زکوة کے پیسوں کو بھی معاف نہیں کیا ،سابق حکومت کے زکوة فنڈ کا بھی آڈٹ ہونا چاہیے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ سابقہ دور میں زکوة کے پیسے کی غیر منصفانہ تقسیم ہوئیں ،میں چیلنج کرتا ہو اگر میں غلط ہوا تو میں مستعفی ہوجائوں گا وگرنہ سابقہ وزیر مستعفی ہوں۔ ملک ندیم کامران نے وزیر زکوة و عشر کا چیلنج قبول کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہمارے دور کا ریکارڈ چیک کریں اور پھر بات کریںا ور جو بھی بات ہو گی وہ اسی ایوان میں سب کے سامنے ہوگی۔

رولزکی معطلی کے بعد رمضان ٹرانسمیشن سے متعلق رائے حق پارٹی کے پارلیمانی لیڈر مولانا محمد اعظم معاویہ کی جانب سے قرار داد پیش کی گئی ۔قرارداد میں مطالبہ کیاگیا کہ صوبائی اسمبلی پنجاب کا یہ ایوان فاقی حکومت سے سفارش کرتا ہے کہ رمضان المبارک کی آمد کے پیش نظر ٹی وی چینلز پر رمضان ٹرانسمیشن میں ماہ مقدس کے احترام کا خصوصی خیال رکھا جائے اور ان پروگراموں میں علمائے اکرام کو مدعو کیا جائے ۔

سرکاری کارروائی میں 5آڈٹ رپورٹس لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم ریونیوبورڈپنجاب،اکائونٹس آف ڈیزاسٹر مینجمنٹ آرگنائزیشن،فنانشل اسٹیمنٹ آف پنجاب حکومت سال2015-16 متفرق اکائونٹس آف پنجاب حکومت سال2016-17 اور پبلک سیکٹر انٹرپرائزز پنجاب حکومت سال2017-18 کی آڈٹ رپورٹس بھی ایوان میں پیش کی گئیں جنہیں پی اے سی ٹو کے سپرد کردیا گیا۔اجلاس میں ڈپٹی سپیکر سردار دوست محمد کھوسہ نے کچے کے علاقے میں جرائم پیشہ افراد کی بڑھتی وارداتوں پر پولیس آپریشن کی تجویز دی جس کی وزیر قانون نے مکمل حمایت کا اعلان کیا۔اسی دوران اپوزیشن نے کورم کی نشاندہی کر دی اورکورم پورا نہ ہونے پر ڈپٹی سپیکر نے اجلاس آج کی صبح نو بجے تک ملتوی کردیا۔