مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست خارج کر دی گئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 3 مئی 2019 15:30

مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست خارج ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 03 مئی 2019ء) : سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کی درخواست خارج کر دی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی مرکزی رہنما مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست خارج کر دی گئی ہے جبکہ عدالت نے اس درخواست پر وفاقی حکومت سے جواب طلب کر رکھا تھا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق جسٹس مامون الرشید نے عدم پیروی کے باعث نوازشریف کی صاحبزادی اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کی درخواست خارج کی ۔ عدالت نے اس درخواست پر وفاقی حکومت سے جواب طلب کر رکھا تھا۔ واضح رہے کہ سابق وزیراعظم میاں نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے گذشتہ سال اکتوبر میں الگ الگ درخواستیں وزارت داخلہ میں جمع کرائی گئی تھیں۔

(جاری ہے)

درخواست میں کہا گیا تھا کہ ایگزٹ فرام پاکستان رولز2010ء کے رول 2 میں بیان کردہ وجوہات ہم پر لاگو نہیں ہوتیں، کسی معاشی جرم، دہشتگردی یا اس کی سازش جیسے جرم میں ملوث نہیں ہیں لہٰذا نام ای سی ایل سے نکالے جائیں۔ جس کے بعد وزارت داخلہ نے نوازشریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنےکی استدعا مسترد کردی تھی۔ تاہم اب مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کا نام بھی ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست خارج کر دی گئی ہے۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے نوازشریف کی سزا معطلی اور ضمانت میں توسیع کے لیے نظرثانی درخواست بھی آج مسترد کر دی ہے۔ چیف جسٹس نے دوران سماعت ریمارکس دیئے کہ نواز شریف کو رہائی علاج کے لیے دی تھی، لیکن انہوں نے چھ ہفتوں کی مہلت ٹیسٹوں پر ضائع کر دی۔سیاسی مبصرین کے مطابق مسلم لیگ ن کو ایک دن میں دو بُری خبریں ملیں اور آج ماضی کی طرح ایک مرتبہ پھر سے جمعہ کا دن مسلم لیگ ن پر بھاری ثابت ہوا۔