بڑے صوبے میں بڑا فیصلہ، رانا ثناءاللہ صدر ن لیگ پنجاب مقرر

جنرل سیکرٹری پنجاب اویس لغاری ہوں گے، صدر(ن)لیگ شہبازشریف نے تنظیم نو کا اعلامیہ لندن سے جاری کیا، اعلامیہ پارٹی قائد نوازشریف کی مشاورت کے بعد جاری کیا گیا۔ اعلامیہ ن لیگ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 3 مئی 2019 21:43

بڑے صوبے میں بڑا فیصلہ، رانا ثناءاللہ صدر ن لیگ پنجاب مقرر
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔03 مئی 2019ء) مسلم لیگ ن نے پارٹی کی تنظیم نو کردی ہے، صدر(ن)لیگ شہبازشریف نے تنظیم نو کا لندن سے اعلامیہ جاری کردیا ہے، ن لیگ نے حمزہ شہباز، سردار ایازصادق، پرویزرشید، سعد رفیق کو بھی نائب صدر مقرر کردیا گیا ہے، پارٹی قائد نوازشریف اور پارٹی رہنماؤں کی مشاورت سے عہدیداروں کی تعیناتی  کی گئی۔ اعلامیہ ن لیگ کے مطابق صدر ن لیگ شہبازشریف نے شاہد خاقان عباسی اور حنیف عباسی کو پارٹی کا سیئنر نائب صدر، اور مریم نواز کو مسلم لیگ ن کی نائب صدر مقرر کردیا ہے۔

سردارایازصادق، عابد شیرعلی، برجیس طاہر، حمزہ شہباز، مشاہداللہ، پرویزرشید، رانا تنویر، سردارمہتاب، محمدزبیر، جاوید لطیف، خرم دستگیر، سعد رفیق، نیلسن عظیم، ڈاکٹردرشن لعل اور راحیلہ درانی کو بھی مسلم لیگ ن کی نائب صدر مقرر کردیا ہے۔

(جاری ہے)

احسن اقبال مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکریٹری اور مریم اورنگزیب کوسیکرٹری اطلاعات اور ترجمان مقرر کردیا گیا ہے۔

مسلم لیگ (ن) نے 16نائب صدورمقرر کیے ہیں۔ اعلامیہ میں مزید بتایا گیا کہ ن لیگ نے بین الاقوامی سطح پر اسحاق ڈارکو صدر انٹرنیشنل افیئرز اور نورالحسن تنویرکو جنرل سیکرٹری انٹرنیشنل آفیئرزمقررکردیا ہے۔ بلیغ الرحمان اورعطاءاللہ تارڈ مسلم لیگ ن کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور پرویز ملک سیکریٹری فنانس ہوں گے۔ اسی طرح طارق فاطمی مسلم لیگ ن کے سیکرٹری پالیسی اینڈ ریسرچ جبکہ عائشہ رضا فاروق سیکرٹری ممبرشپ اینڈ ٹریننگ، اور رومینہ خورشید عالم پارٹی کی سیکرٹری انسانی حقوق اور شیزہ فاطمہ خواجہ سیکرٹری پارلیمانی امورمقرر کر دی گئیں ہیں۔

مفتاح اسماعیل مسلم لیگ ن سندھ کے جنرل سیکرٹری اورعلی اکبر گجرمسلم لیگ (ن)سندھ کے سینئر نائب صدر تعینات کر دیے گئے۔ اسی طرح سلمان علی خان مسلم لیگ ن کراچی کے صدر جبکہ ناصرالدین محمود جنرل سیکرٹری مسلم لیگ ن کراچی ہوں گے۔ اعلامیہ کے مطابق عباس آفریدی اورطلال چودھری مرکز میں سلم لیگ ن کے جوائنٹ سیکرٹری ہوں گے۔ بلال اظہرکیانی ، فرحان ظفرجھگڑا، صورت تھیبو اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل ہوں گے۔

  مسلم لیگ ن نے 13رکنی ایڈوائزری کونسل بھی تشکیل دی ہے۔ جس کے تحت شہبازشریف، شاہد خاقان عباسی، اسحاق ڈار، احسن اقبال، خواجہ آصف، قیصرشیخ، محمد زبیر، مفتاح اسماعیل، عائشہ غوث پاشا، مشاہد حسین سید، مصدق ملک، علی پرویزملک، بلال اظہرکیانی بھی ایڈوائزری کونسل میں شامل ہوں گے۔ مسلم لیگ(ن) نے رانا ثناء اللہ کو پنجاب کا صدر اور اویس لغاری کو جنرل سیکرٹری پنجاب اور عظمٰی بخاری کو سیکرٹری اطلاعات تعینات کردیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ مرکزی اور صوبائی سطح پر موجود تنظیموں کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔