Live Updates

بلوچستان اسمبلی میں صوبے کے تمام معذور افراد کو دس ہزار روپے ماہانہ وظیفہ ، ویل چیئر، تعلیم و تربیت اور کاروبار کے خصوصی مواقع فراہم کرکے حوالے سے قرار داد منظور

اجلاس میں اراکین کا بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر احتجاج کیسکو چیف کو طلب کرلیا گیا

جمعہ 3 مئی 2019 21:55

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2019ء) بلوچستان اسمبلی میں صوبے کے تمام معذور افراد کو دس ہزار روپے ماہانہ وظیفہ ، ویل چیئر، تعلیم و تربیت اور کاروبار کے خصوصی مواقع فراہم کرکے حوالے سے قرار داد منظور کرلی گئی ،اجلاس میں اراکین کا بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر احتجاج کیسکو چیف کو طلب کرلیا گیا ،بلوچستان اسمبلی کا اجلاس ایک گھنٹے کی تاخیر سے ڈپٹی سپیکر سردار بابر خان موسیٰ خیل کی زیر صدارت ایک گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا ۔

اجلاس میں چیئر مین پی اے سی و دیگر اپوزیشن اراکین کی جانب سے مشترکہ تحریک التواء لاتے ہوئے کہا گیا کہ نیا پاکستان ہائوسنگ منصوبے کے تحت وحدت کالونی میں 420مکانات مسمار کرکے وہاں فلیٹس تعمیر کئے جارہے ہیں جس کی وجہ سے طویل عرصے سے مقیم سرکاری ملازمین میں تشویش پائی جاتی ہے اور وہ اس معاملے پر سراپا احتجاج ہیں لہٰذا ایوان کی کارروائی روک کرکے اس اہم مسئلے کو زیر بحث لایا جائے اراکین کی مشاورت سے ڈپٹی سپیکر نے تحریک التواء کو باضابطہ قرار دیتے ہوئے اس پر اجلاس کے آخر میں بحث کرانے کی رولنگ دی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پوائنٹ آف آرڈر پر اظہار خیال کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈ رملک سکندر ایڈووکیٹ نے ایوان کی توجہ شہدائے صحافت کی جانب مبذول کراتے ہوئے کہا کہ اب تک صوبے میں 48صحافی جام شہادت نوش کرچکے ہیں لیکن ان کے لواحقین آج بھی حکومتی معاوضے سے محروم ہیں لہٰذا شہدائے صحافت کے لواحقین کو بھی دیگر شہداء کی طرح معاوضہ دیا جائے انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک آنے والا ہے لیکن کیسکو کی جانب سے مختلف ٹیوب ویلز کے ٹرانسفارمر اتارے جارہے ہیں لہٰذا کیسکو حکام کو طلب کرکے اس معاملے پر وضاحت طلب کی جائے اور انہیں پابندکیا جائے کہ وہ رمضان المبارک ختم ہونے تک کسی ٹیوب ویل کی بجلی نہ کاٹیں انہوں نے مزید کہا کہ قلعہ عبداللہ کے تین ارکان صوبائی اسمبلی ہیں ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت اپوزیشن رکن حاجی نواز کاکڑ نے ڈپٹی کمشنر کو اسکیمات سے متعلق تجاویز دیں لیکن ان میں ردو بدل کیا گیا ہے جو کہ ظلم ہے ہماری سکیمات کو کاٹ کر دوسروں کو اسکیمات دی جارہی ہیں لہٰذا ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت حاجی نواز کاکڑ کی اسکیمات کو منظور کیا جائے ۔

صوبائی وزیر میر سلیم کھوسہ نے معاملے کو وزیراعلیٰ کے نوٹس میں لانے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ اگر اپوزیشن رکن کی تجاویز کو بائی پاس کیا گیا ہے تو اس پر نظر ثانی کی جائے گی ۔ ڈپٹی سپیکر نے رولنگ دی کہ صوبائی وزراء میر عارف محمد حسنی ، میر سلیم کھوسہ ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پروگرام کے حوالے سے اپوزیشن اراکین کے تحفظات وزیراعلیٰ تک پہنچانے میں کردار ادا کریں ۔

صوبائی وزراء میر عارف محمد حسنی ، میر سلیم کھوسہ نے پوائنٹ آف آرڈر پر ایوان کی توجہ کیسکو کی جانب سے مختلف ٹیوب ویلز کے ٹرانسفارمر اتارنے اور بجلی منقطع کرنے کی جانب مبذول کرائی اورکیسکو چیف کو طلب کرنے کا مطالبہ کیا جس پر ڈپٹی سپیکر سردار بابر موسیٰ خیل نے رولنگ دی کہ سیکرٹری اسمبلی تحریری طو رپر کیسکو چیف کو منگل یا بدھ کے روز طلب کریں ۔

اجلاس ابھی جاری تھا کہ چیئرمین قادر علی نائل نے مغرب کی نماز کے لئے پندرہ منٹ کا وقفہ دیا ۔بعدازں اجلاس شروع ہوا تو بی این پی کے ثناء بلوچ نے اپنی قرار داد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا میں معذوروں کی فلاح و بہبود کے لئے اہم اقدامات کئے جاتے ہیں لیکن وسائل سے مالا مال بلوچستان افراد کے حوالے سے محض رسمی پالیسی کے علاوہ کوئی سنجیدہ اقدامات نہیں کئے گئے ہیں لہٰذایہ ایوان صوبائی حکومت سے سفارش کرتا ہے کہ وہ بلوچستان کے تمام معذور افراد کو ماہانہ وظیفہ دس ہزار روپے ، ویل چیئر، تعلیم و تربیت اور کاروبار کے خصوصی مواقع فراہم کرکے ان کو معاشرے میں برابری کا مقام دلایا جائے ۔

قرار داد کی موزونیت پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں1لاکھ45ہزار کے قریب لوگ معذور ہیں جبکہ رجسٹرڈ معذوروںکی تعداد15ہزار ہے انہوں نے کہا کہ معذوروںکی رجسٹریشن میں سب سے بڑی وجہ پیچیدہ طریقہ اندراج ہے جس کی وجہ سے اب تک 33اضلاع میں سے صرف 6اضلاع میں معذوروں کی رجسٹریشن ہوئی ہے انہوں نے کہا کہ حکومت معذوروں کے لئے ماہانہ 10ہزار روپے وظیفہ مقرر کرے انہوںنے ایوان سے استدعا کی کہ قرار داد کو منظور کیا جائے صوبائی وزیر سردار عبدالرحمان کھیتران نے کہا کہ حکومت نے اقلیت اور معذور افراد کے لئے مختص ملازمتوں کے کوٹے پر عملدرآمد کو یقینی بنایا ہے موجودہ حکومت صوبے کی تاریخ میں پہلی حکومت ہے جس نے معذوروں کا اسٹیٹس تبدیل کرکے معذوروں کو باقاعدہ طو رپر سپیشل لوگ قرار دیا انہوں نے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی وفاقی حکومت کی اتحادی ہے لہٰذا وہ وفاق میں اس معاملے کو اٹھائے ہم ان کا ساتھ دیں گے انہوں نے قرار داد کی حمایت کی جس کے بعد قرارداد متفقہ طو رپر منظور کرلی گئی ۔

اجلاس میں میر یونس عزیز زہری نے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا مسئلہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے زمینداروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ہم نے پہلے بھی اس ضمن میں ایوان میں اس معاملے کو اٹھایا مگر کوئی نوٹس نہیں لیا جارہا ۔ اپوزیشن لیڈر ملک سکندر ایڈووکیٹ نے کہا کہ زمینداروں بجلی کے بقایہ جات ادا کرنے کی پوزیشن میں نہیں بارشوں سے زمینداروں کو کافی نقصانا ت ہوئے ہیں لوگوں کی فصلیں اور بندات سیلابی ریلوں کی نذر ہوچکے ہیں صوبائی حکومت کوچاہئے کہ وہ وفاقی حکومت سے اس معاملے پر بات کرے تاکہ زمینداروں کو سپیشل پیکج دلایا جاسکے ۔

جے یوآئی کے اصغر ترین نے کہا کہ تین سے چار ماہ زمینداروں کا سیزن ہے اس دوران اگر انہیں بجلی فراہم نہیں کی جائے گی تویہ ان کے معاشی قتل کے مترادف ہوگا حکومت بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنائے انہوں نے کیسکو چیف کے تبادلے کا بھی مطالبہ کیا ۔سردار عبدالرحمان کھیتران نے کہا کہ زمینداروں کا مسئلہ ہم سب کا مشترکہ مسئلہ ہے گزشتہ روز وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے دورہ کوئٹہ کے موقع پر کیسکو چیف کی تبدیلی کا عندیہ دیا ہے جس پر وزیراعلیٰ بلوچستان نے انہیں ایک مقامی افسر کا نام تجویز کیا ہے ممکن ہے کہ اس پر عملدرآمد ہو انہوں نے کہا کہ کیسکو چیف ہمیں ہمیں ان کیمرہ بریفنگ دیں ہم اس سرزمین کے باسی ہیں اگر ہمیں بجلی فراہم نہیں کی جاتی تو ہم بل دینا بند کردیں گے ۔

بعدازاں اجلاس غیر معینہ مدت تک کے لئے ملتوی کردیاگیا ۔
Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات