خیبرپختونخوا یوتھ امپیکٹ چیلنج پروگرام کے تحت کروڑ17لاکھ کے چیکس تقسیم

جمعہ 3 مئی 2019 22:55

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مئی2019ء) خیبرپختونخوا یوتھ امپیکٹ چیلنج پروگرام کے تحت نئے کاروباری آئیڈیاز رکھنے والی اقلیتی برادری اور خصوصی نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں میںمختلف کاروباروںکیلئے مجموعی طورپر2کروڑ17لاکھ کے چیکس تقسیم کئے گئے۔چیکس سینئروزیربرائے سیاحت،امور نوجوانان،ثقافت،کھیل اور آرکیالوجی کے وزیر محمد عاطف خان نے تقسیم کئے۔

خیبر پختونخوا امپیکٹ چیلنج کے اس مرحلے میں اقلیت اور خصوصی نوجوانوں میں 3 سے 20 لاکھ تک کی گرانٹ کے چیکس تقسیم کئے گئے۔چیکس حاصل کرنے والے نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کا تعلق صوبے کے مختلف اضلاع مردان،نوشہرہ،دیر،چترال،صوابی،سوات، بنوں،پشاور کیلاش ،لکی مروت اور ڈیرہ اسماعیل خان سے ہے۔سینئر وزیر خیبر پختوخوا محمد عاطف خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختوخوا یوتھ امپیکٹ چیلنج پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا اور اپنے پیروں پر کھڑا کرنا ہے۔

(جاری ہے)

سینئر وزیر نے کہا کہ خصوصی افراد اور اقلیتی برادری ہمارے معاشرے کا اہم حصہ ہے اسلئے یوتھ امپیکٹ چیلنج پروگرام میں اس دفعہ خصوصی طور اقلیتی برادری اور خصوصی افراد کو شامل کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یوتھ امپیکٹ چیلنج پروگرام سے صوبے میں بے روزگاری کم ہوگی۔نئے آئیڈیاز رکھنے والے نوجوان لڑکے اور لڑکیاں یوتھ امپیکٹ چیلنج کے ذریعے نہ صرف اپنے لئے بلکہ دوسروں کے لیے بھی روزگار کا ذریعہ بنیں گے۔

اس پروگرام کا بنیادی مقصد بھی یہی ہے کہ باصلاحیت نوجوان نوکری کے متلاشی نہیں بلکہ خود دوسرے نوجوانوں کو روزگار دینے والے بنیں۔سینئر وزیر نے کہا کہ قبائلی اضلاع اب باقاعدہ طور پر خیبر پختوخوا کا حصہ ہے اسلئے وہاں پر بھی نوجوانوں کو کاروبار شروع کرنے کے لئے گرانٹس دی جائیں گی۔ضم شدہ اضلاع کے نوجوان دہشت گردی کیوجہ بہت بہت متاثر ہوئے ہیں اب انکی تمام محرومیوں کا ازالہ کیا جائیگا۔انکو روزگار کے مواقع فراہم کرکے اپنے پیروں پر کھڑا کیا جائیگا۔