کشمیری نوجوان بھارت کے غیر قانونی قبضے سے نجات کیلئے اپنا گرم گرم لہو نچھاور کر رہے ہیں، اشرف صحرائی

تنازعہ کشمیر حل نہ ہونے کے باعث مقبوضہ علاقے میں کشت و خو ن کا سلسلہ برابر جاری ہے،میر واعظ فورم

ہفتہ 4 مئی 2019 14:05

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2019ء) مقبوضہ کشمیر میں تحریک حریت جموں کشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ضلع شوپیاں کے علاقے اما م صاحب میں شہید ہونے والے تین کشمیری نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری نوجوان بھارت کے غیر قانونی قبضے سے نجات کیلئے اپنا گرم گرم لہو نچھاور کر رہے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ نوجوانوںکی بیش بہا قربانیاں ایک روز ضرور رنگ لائیں گی۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق محمد اشرف صحرائی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت نے تمام بین الاقوامی مسلمہ قوانین ،سیاسی ،جمہوری اوراخلاقی اصول و ضوابط کو بالائے طاق رکھ کر جموں کشمیر کی سرزمین قبضہ جما رکھا ہے اور وہ کشمیریوں اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ کئے گئے اپنے وعدوں سے انحراف کرتے ہوئے اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے اپنے جبری قبضے کو دوام بخش رہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ جموںو کشمیر کے عوام نے کبھی بھی بھارت کے فوجی تسلط کو قبول نہیں کیا اور وی گزشتہ ستر برس سے اس قبضے کے خلاف لڑ رہے ہیں اور اب تک چھ لاکھ سے زائد جانوں کی قربانی دے چکے ہیں ۔ انہوں نے پلوامہ اور شوپیاں کے اضلاع میں نوجوانوںکی گرفتار ی کی لہر کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی کشمیر کو فوجی چھاونی میں تبدیل کرکے لوگوں کی زندگی اجیرن بنادی گئی ہے اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں کی جا رہی ہیں۔

میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم حریت فورم نے بھی سرینگر میں جاری ایک بیان میں امام صاحب میں شہید ہونے والے نوجوانوں لطیف احمد ڈار، طارق مولوی اور شارق احمد نگرو کو شاندار خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا ہے تنازعہ کشمیر حل نہ ہونے کی وجہ سے کشمیر میں کشت و خون کا سلسلہ برابر جاری ہے ۔ بیان میں کہا گیا کہ جب تک مسئلہ کشمیر کو اس کے تاریخی پس منظر میں کشمیریوں کی خواہشات اور مرضی کے مطابق حل نہیں کیا جاتا ، خطے میں ایک دائمی امن کی ضمانت فراہم نہیں کی جاسکتی۔

حریت فورم نے اپنے بیان میںکہا کہ مسئلہ کشمیرایک انسانی اور سیاسی مسئلہ ہے جسے فوجی طاقت کے استعمال کے بجائے تینوں فریق بھارت ،پاکستان اور کشمیری آپس میں بامعنی مذاکراتی عمل کے ذریعے ہی حل کرسکتے ہیں۔یاد رہے کہ بھارتی فوجیوں نے لطیف احمد ڈار، طارق مولوی اور شارق احمد نگرو کوجمعہ کے روز محاصرے اور تلاشی کی ایک پرتشدد کارروائی کے دوران شہید کیا تھا۔