قندیل بلوچ کے قتل میں ملوث بھائی سعودی عرب سے گرفتار

ملزم عارف پر الزام تھا کہ وہ قتل کے وقت مرکزی ملزم وسیم سے ٹیلی فونک رابطے میں تھا، جس کے شواہد وسیم کے موبائل فون کی فرانزک رپورٹ میں ملے تھے

ہفتہ 4 مئی 2019 20:19

قندیل بلوچ کے قتل میں ملوث بھائی  سعودی عرب سے گرفتار
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 مئی2019ء) قندیل بلوچ قتل کیس میں ملوث قندیل بلوچ کے بھائی کو گرفتار کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق قندیل بلوچ کے بھائی عارف کو انٹرپول کے ذریعے سعودی عرب میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ملتان پولیس کے مطابق انٹرپول کے ذریعے قندیل بلوچ قتل کیس کے نامزد ملزم عارف کو سعودی عرب کے شہر جدہ سے اس کے کفیل کی مدد سے گرفتارکیا۔

ملزم عارف پر الزام تھا کہ وہ قتل کے وقت مرکزی ملزم وسیم سے ٹیلی فونک رابطے میں تھا، جس کے شواہد وسیم کے موبائل فون کی فرانزک رپورٹ میں ملے تھے۔ دوسری جانب قندیل بلوچ کی والدہ انور بی بی نے کہا کہ میرا بیٹا عارف بے گناہ ہے، مفتی عبدالقوی نے اس قتل میں میرے سارے بیٹوں کو پھنسایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کچھ علم نہیں کہ گرفتاری کے بعد عارف کو کہاں رکھا گیا ہے، عارف کو کچھ بھی ہوا تو اس کی ذمہ داری پولیس پر عائد ہو گی۔

(جاری ہے)

قندیل کی والدہ کا کہنا تھا کہ ہمیں صرف سعودی عرب سے عارف کی گرفتاری کی اطلاع موصول ہوئی ۔ قندیل بلوچ کے بھائی عارف کے خلاف پی پی سی کی شق 109 کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی تھی لیکن عارف گذشتہ تین برس سے گرفتاری کے ڈر سے سعودی عرب میں مقیم تھا۔ واضح رہے کہ ماڈل قندیل بلوچ کو 16 جولائی 2016 کی شب ملتان کے علاقہ مظفر آباد میں قتل کر دیا گیا تھا ۔

معروف سوشل میڈیا سٹار قندیل بلوچ کو کو ملتان میں ان کے آبائی گھر میں قتل کیا گیا تھا۔ خیال رہے کہ قندیل بلوچ قتل کیس میں قندیل بلوچ کے بھائی وسیم اور مفتی عبد القوی سمیت حق نواز، عارف، ظفر، عبدالباسط، اور اسلم شاہین کو نامزد کیا گیا تھا ، ملزم گذشتہ تین برس سے عارف سعودی عرب میں ہی موجود تھا، تاہم اب ملزم عارف کو بھی انٹرپول کی مدد سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔