تبدیلی کے دعویدار حکمرانوں نے مہنگائی کے طوفان سے غریب آدمی کیلئے زندگی گذارنا مشکل بنادیا،محمد حسین محنتی

عوام کی خدمت کی بجائے انتقام لیا جارہا ہے، تبدیلی کے تمام دعوے دھوکہ حقیقی تبدیلی اور عوام کے مسائل کا صرف قرآن وسنت کے نفاذ میں مضمر ہے، امیر جماعت اسلامی سندھ

ہفتہ 4 مئی 2019 21:12

تبدیلی کے دعویدار حکمرانوں نے مہنگائی کے طوفان سے غریب آدمی کیلئے ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 مئی2019ء) جماعت اسلامی سندھ کے امیروسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا تبدیلی کے دعویدار حکمرانوں نے مہنگائی کے طوفان سے غریب آدمی کیلئے زندگی گذارنا مشکل بنادیا ہے، عوام کی خدمت کی بجائے انتقام لیا جارہا ہے، تبدیلی کے تمام دعوے دھوکہ حقیقی تبدیلی اور عوام کے مسائل کا صرف قرآن وسنت کے نفاذ میں مضمر ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹویم میں جماعت اسلامی سندھ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس میں کراچی تاکشمور سندھ بھر کے ضلعی ذمہ داران شریک تھے، جبکہ ملٹی میڈیا کے ذریعے سہ ماہی کارکردگی اور دعوت الی اللہ رابطہ عوام مہم رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی ملک کی واحد جماعت ہے جس کی قیادت نے کراچی تاکشمور اپنے کردار وکارکردگی سے دیانت وامامت اور خدمت کا مثالی نمونہ پیش کیا ہے، کراچی کے سابق میئر عبدالستار افغانی، نعمت اللہ خان اور کے پی کے میں بطور سینئر وزیر سینیٹر سراج الحق کا کردار اور کارکردگی پوری قوم کے سامنے ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی امیر نے ذمہ داران پر زور دیا کہ وہ اللہ سے جڑنے وتعلق باللہ کو مضبوط کریں، ہماری ساری جدوجہد وکوشش کا مقصد اللہ کی رضا ہونی چاہئے، صوبائی امیر نے مطالبہ کیا کہ حکومت رمضان المبارک میں احترام رمضان آرڈیننس سمیت مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے سنجیدہ اقدامات کرکے عوام کو ریلیف دے۔اس موقع پرصوبائی قیم کاشف سعید شیخ، نائب امراء پروفیسرنظام الدین میمن، عبدالغفارعمر،حافظ نصراللہ عزیز،محمد عظیم بلوچ،نائب قیم عبدالحفیظ بجارانی،محمد افضال اورسیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی مجود تھے۔#