مسعود اظہرکے معاملے پربھارت کومنہ کی کھاناپڑی ،ہمارے خلاف جوجال بناتھاخوداس میں پھنس گیا۔شاہ محمودقریشی

ہفتہ 4 مئی 2019 21:51

مسعود اظہرکے معاملے پربھارت کومنہ کی کھاناپڑی ،ہمارے خلاف جوجال بناتھاخوداس ..
ملتان ۔04مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2019ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود حسین قریشی نے کہا ہے کہ مسعود اظہر کے معاملے میں بھارت کو منہ کی کھانا پڑی اور اب خود بی جے پی کی حکومت دبائو کا شکار ہے ، اسے لینے کے دینے پڑ گئے ہیں ۔ ملتان میں میڈیا سے بات چیت کر تے ہوئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بی جے پی اور کانگریس میں ٹھن گئی ہے ، اب بی جے پی سے سوال کیا جا رہا ہے کہ اس نے پلوامہ پر کیا حاصل کیا ۔

نہ وہ اس معاملے پر اپنا کیس صحیح طریقے سے سامنے لا سکی اور نہ پلوامہ دھماکے میں مسعود اظہر کا ملوث ہونا ثابت کرسکی۔ بھارت نے ہمارے خلاف جو جال بنا تھا وہ خود اس میں پھنس گیا ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چین کی جانب سے پاکستان میں فوجی اڈے بنائے جانے کے پراپیگنڈہ میں کوئی حقیقت نہیں ہے، یہ پراپیگنڈہ دشمن کر رہے ہیں ،چین ہمارا دوست ہے اور پاکستان کی معاشی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر رہاہے ۔

(جاری ہے)

شہباز شریف کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ن لیگ کی قیادت اس حوالے سے سامنے آنے والے سوالات کا جواب دے۔ خود پارٹی کے بہت سے اراکین اس تبدیلی سے لا علم تھے اور وہ یہ جاننا چاہتے ہیں کہ راتوں رات یہ تبدیلی کیسے آ گئی ۔ن لیگ کے اراکین ہی کا کہنا ہے کہ ان کی جماعت میں چار کا ٹولہ ہے جو فیصلے کر تا ہے ۔

شہبازشریف کی جانب سے پبلک اکائونٹس کمیٹی کے چیئرمین کا عہدہ چھوڑنے کا جو جواز پیش کیاجارہاہے وہ بھی منطقی نہیں ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کی صحت اس بات کی اجازت نہیں دیتی کہ وہ یہ ذمہ داری نبھا سکیں لیکن دوسری جانب وہ لیڈر آف دی اپوزیشن کی ذمہ داری اپنے پاس رکھنا چاہتے ہیں، ان کی صحت بھلا اس ذمہ داری کی اجازت کیسے دیتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر پبلک اکائونٹس کمیٹی کے چیئر مین کا عہدہ چھوڑنا ہی تھا تو پھر یہ عہدہ حاصل ہی کیوں کیا تھا ۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ حکومت نے احسا س کے نام سے ایک پروگرام شروع کیا ہے تاکہ غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے والوں کو سہارا دیا جا سکے۔ انہو ں نے کہا کہ آج جو آوے کا آوا بگڑا ہوا ہے اس کاذمہ دار کون ہے، یہ خرابیاں آٹھ ماہ کے دوران نہیں آئیں یہ دس برسوں کی نااہلی کاتسلسل ہے۔ جنوبی پنجاب صوبے کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے اسلام آباد میں پی ٹی آئی اراکین کے ساتھ اس معاملے پر ملاقات کی ہے۔

میں نے انہیں درخواست کی ہے کہ وہ ہر ماہ آئیں اور اراکین اسمبلی کو پیشرفت سے آگاہ کریں ، یہ عوام کے منتخب نمائندے ہیں اور ان سے عوام کا فیڈ بیک مل سکتا ہے ۔ہم نے 8مئی کو ان کی ایک اور نشست رکھی ہے جس میں اسلام آباد کے تمام ایم این اے وزیراعلیٰ بزدار سے ملیں گے اور انہیں نئے بلدیاتی قانون کے بارے میں بریفنگ دی جائے گی ۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ گندم کی خریداری کاآغاز ہوگیاہے اوراس سلسلے میں کاشتکاروں کو جوبھی دقت ہوگی اس کاازالہ کیاجائے گا۔ہماری ہرممکن کوشش ہوگی کہ کاشتکاروںکو باردانہ ملے ۔