پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کاکنٹرول لائن کے قریب ناردرن لائٹ انفنٹری مین بٹالین کا دورہ ‘ آئی ایس پی آر

اتوار 5 مئی 2019 00:15

راولپنڈی۔ 4 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2019ء) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے ہفتے کو کنٹرول لائن کے قریب ناردرن لائٹ انفنٹری مین بٹالین کا دورہ کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق آرمی چیف نے فوجی جوانوں کی آپریشنل تیاری، بلند حوصلے اور جذبے کو سراہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کنٹرول لائن کے قریب رہنے والے کشمیریوں کے تحفظ اور سلامتی کی وجہ سے پاک فوج کی مشکلات کے باوجود بھارت کی بلااشتعال فائرنگ کا منہ توڑ جواب دینے پر بھی جوانوں کی تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ ہم ملک کو درپیش دفاع اور سلامتی کے چیلنجز سے اچھی طرح آگاہ ہیں اور ہرمحاذ پر خطرات کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔راولپنڈی کور کے کمانڈر بھی آرمی چیف کے ہمراہ تھے۔